امارات نیوکلیئر انرجی کمپنی اور فراماٹوم کے درمیان باراکہ پلانٹ کے لیے ایندھن فراہمی کا معاہدہ

ابوظہبی، 17 جولائی، 2025 (وام)--ایمریٹس نیوکلیئر انرجی کمپنی ‘اینیک’ اور 'فراماٹوم' کے درمیان متحدہ عرب امارات کے باراکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کے لیے نیوکلیئر ایندھن اسمبلیوں اور انجینئرنگ خدمات کی فراہمی سے متعلق ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ معاہدہ اینیک کی طویل المدتی حکمتِ عملی کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ایندھن کی فراہمی کے ذرائع کو متنوع بنا کر توانائی کے شعبے میں سلامتی اور خودکفالت کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اس کے تحت ملک بھر میں کاروباروں، صنعتوں اور گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے بلا تعطل، کاربن سے پاک بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

معاہدے کے مطابق، فراماٹوم باراکہ پلانٹ کے لیے مکمل نیوکلیئر فیول اسمبلیاں فراہم کرے گا۔ فراماٹوم کو نیوکلیئر ایندھن کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی میں کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے، جسے اینیک کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ یہ شراکت ENEC کی ایندھن فراہمی کی لچک، حفاظت اور پائیداری کو مزید مضبوط بنائے گی۔

اینیک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او محمد الحمادی نے اس موقع پر کہا کہ، "فراماٹوم کے ساتھ ہمارا یہ معاہدہ ہمارے ایندھن کی فراہمی کی زنجیر کو زیادہ مستحکم اور قابل اعتماد بنانے کی حکمت عملی کو مزید تقویت دیتا ہے۔ ایندھن کے ذرائع میں تنوع لانا ہماری توانائی کی حفاظت کا ضامن ہے، جو متحدہ عرب امارات کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ، صاف اور قابل بھروسا بجلی کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ فراماٹوم کی مہارت اور عالمی معیارات کی پاسداری باراکہ کو صاف توانائی کی پیداوار میں عالمی معیار کا ادارہ بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ اینیک اس شراکت داری کے ذریعے باراکہ پلانٹ کے بنیادی ڈھانچے اور تکنیکی صلاحیتوں کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

فراماٹوم کے سی ای او گریگور پونشون نے کہاکہ، "ہمیں فخر ہے کہ ہم اینیک کو اپنی جدید فیول ٹیکنالوجی فراہم کر رہے ہیں، جو سپلائی چین کی سلامتی کو یقینی بناتی ہے اور یو اے ای کے کلین انرجی اہداف کی تکمیل میں کردار ادا کرتی ہے۔" انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ فراماٹوم کی ٹیکنالوجی، تجربے، اور عملے کی قابلیت کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔

ایندھن اسمبلیاں فراماٹوم کی امریکہ میں واقع فیکٹری میں تیار کی جائیں گی، جو امریکی ‘نیوکلیئر ریگولیٹری کمیشن’ (NRC) سے لائسنس یافتہ ہے۔ اس فیکٹری کو گزشتہ 18 مسلسل سالوں سے NRC کی ‘لائسنس پرفارمنس ریویو’ (LPR) میں بلند ترین درجہ بندی حاصل ہے۔

فراماٹوم کو کمبشن انجینئرنگ ڈیزائن والے ری ایکٹرز (جیسا کہ باراکہ پلانٹ) کے لیے فیول تیار کرنے کا 40 سالہ تجربہ حاصل ہے اور اس نے اس طرز کی 6,000 سے زائد فیول اسمبلیاں فراہم کی ہیں۔

باراکہ پلانٹ خطے کا پہلا کثیر یونٹ نیوکلیئر انرجی پلانٹ ہے، جو دنیا میں جوہری توانائی کے نئے منصوبوں کے لیے ایک مثالی ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اینیک نے صرف آٹھ سال کے مختصر عرصے میں اس منصوبے کو مکمل کیا، جس میں چار APR-1400 ری ایکٹرز شامل ہیں، اور یہ اس وقت خطے میں صاف ترین بجلی کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔

آج اینیک عالمی سول نیوکلیئر شعبے میں ترقی کے مزید مواقع تلاش کر رہا ہے، تاکہ باراکہ پلانٹ کو متحدہ عرب امارات کی توانائی کے مجموعے کا بنیادی ستون برقرار رکھا جا سکے۔