پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، وزیرِاعظم شہباز شریف

اسلام آباد، 18 جولائی، 2025 (وام)--پاکستان کے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2024-25 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافے کو ملک کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان، اے پی پی کے مطابق، انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ 22 سال میں بلند ترین سطح ہے۔ ان کے بقول، یہ ایک انتہائی مثبت معاشی اشارہ ہے۔

وزیرِاعظم نے بتایا کہ حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرنٹ اکاؤنٹ میں استحکام کی بنیادی وجہ ترسیلات زر اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہے۔

ان کے مطابق، ہر گزرتے دن کے ساتھ معاشی اور مالیاتی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ ملکی معیشت استحکام کی راہ پر چل پڑی ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے آخر میں حکومتی اقتصادی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ ان کی محنت ہی اس مثبت پیش رفت کا باعث بنی ہے۔