ابوظہبی ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد میں 13 فیصد اضافہ، چھ ماہ میں 1.58 کروڑ مسافر

ابوظہبی، 21 جولائی، 2025 (وام)--ابوظہبی ایئرپورٹس میں رواں سال یکم جنوری سے 30 جون کے درمیان اس کے نیٹ ورک میں 1 کروڑ 58 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13.1 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

مسافروں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد میں زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ (AUH) کا کردار کلیدی رہا، جہاں سال کے پہلے چھ ماہ میں 1 کروڑ 55 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کی نسبت 13.2 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں ابوظبی کے پانچوں ہوائی اڈوں سے 1 لاکھ 33 ہزار 533 پروازیں روانہ ہوئیں، جو پچھلے سال کی نسبت 9.2 فیصد اضافہ ہے۔ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اڑان بھرنے اور لینڈنگ کرنے والے طیاروں کی تعداد 93,858 رہی، جب کہ 2024 کی اسی مدت میں یہ تعداد 84,286 تھی — یوں 11.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ابوظبی ایئرپورٹس کی ترقی کی حکمت عملی کا مرکزی نکتہ عالمی سطح پر اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینا ہے۔ سال کے پہلے نصف میں نیٹ ورک میں 16 نئی منزلیں شامل کی گئیں اور کئی نئی ایئرلائنز شراکت دار بنیں۔

قابلِ ذکر اضافوں میں چین ایسٹرن ایئرلائنز کی شنگھائی کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں (جبکہ ستمبر سے روزانہ سروس شروع ہو رہی ہے)، ایئر سیشلز کی چھ ہفتہ وار پروازیں، اور فلائی چام کی دمشق سروس شامل ہیں۔ انڈیگو نے بھی AUH پر اپنی موجودگی مضبوط کی ہے اور مدورائی، بھونیشور اور ویشاکھا پٹنم کے لیے نئی پروازیں متعارف کروائی ہیں، جس سے یہ ہوائی اڈہ انڈیگو کا متحدہ عرب امارات میں سب سے بڑا کنیکٹڈ مرکز بن گیا ہے۔

اس موقع پر ابوظہبی ایئرپورٹس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایلینا سورلینی نے کہا کہ گزشتہ 17 سہ ماہیوں سے مسلسل مثبت نمو حاصل کرنا پوری ٹیم کی انتھک محنت اور عزم کا مظہر ہے۔ اُن کے بقول، یہ ادارے کی انتظامی مہارت اور اعلیٰ فضائی خدمات کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کر رہا ہے۔

کارگو آپریشنز میں بھی قابلِ ذکر ترقی دیکھنے میں آئی، جس سے عالمی تجارت میں امارات کے بڑھتے ہوئے کردار کا اظہار ہوتا ہے۔ ادارے نے جنوری تا جون 2025 کے دوران 344,795 ٹن کارگو سنبھالا، جو کہ حکمت عملی پر مبنی شراکت داریوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

اس ضمن میں، چین کے ای-کامرس ادارے 'JD.com' کی ذیلی کمپنی 'JD پراپرٹی' کے ساتھ ایک بڑے مشترکہ منصوبے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت 70,000 مربع میٹر پر مشتمل جدید لاجسٹک مرکز قائم کیا جائے گا تاکہ خلیجی اور وسیع تر مشرق وسطیٰ میں ای-کامرس اور مخصوص کارگو لاجسٹکس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔

2025 کی پہلی ششماہی میں ابوظبی ایئرپورٹس کے نیٹ ورک میں متعدد اسٹریٹجک سنگ میل بھی حاصل کیے گئے۔ سِر بنی یاس ایئرپورٹ کی تزئین و بحالی کا کام مکمل کیا گیا، جو متحدہ عرب امارات کی فضائی انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانے اور الظفرہ میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

علاوہ ازیں، زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تعمیرات کے شعبے میں ’’3 پرل استدامہ‘‘ درجہ بندی حاصل ہوئی، جب کہ تیسری مرتبہ ’’دنیا کے بہترین ایئرپورٹ برائے آمد‘‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

البتین ایگزیکٹو ایئرپورٹ میں بمبارڈیئر کے ساتھ شراکت کے تحت خصوصی سروس سینٹر قائم کیا گیا ہے، جس سے مرمت و دیکھ بھال کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا اور ابوظبی کو فضائی خدمات کے شعبے میں علاقائی مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ، طاقہ ڈسٹری بیوشن کے ساتھ ایک نیا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد ہوائی اڈوں کے پورٹ فولیو میں جدید ترین یوٹیلیٹی ٹیکنالوجی کا انضمام ہے، تاکہ پائیدار ترقی اور اختراعات پر مبنی مستقبل کی بنیاد ڈالی جا سکے۔