عجمان، 22 جولائی، 2025 (وام) --عجمان کے ولی عہد اور عجمان بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، شیخ عمار بن حمید النعیمی کی زیر صدارت منگل کے روز بینک کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم مالیاتی و انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، عجمان بینک نے سال 2025 کی پہلی ششماہی میں ٹیکس سے قبل 266 ملین درہم منافع کمایا، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ بنیادی کاروباری کارکردگی پر مسلسل توجہ، فنانسنگ سرگرمیوں میں اضافے، اور آپریشنل افادیت میں بہتری کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
بینک نے اس عرصے میں مجموعی آپریٹنگ آمدنی 751 ملین درہم جبکہ خالص آپریٹنگ آمدنی 399 ملین درہم ریکارڈ کی۔ سال کے اختتام 2024 کے مقابلے میں بینک کے کل اثاثے 17 فیصد بڑھ کر 26.6 ارب درہم ہو گئے، جب کہ فنانسنگ پورٹ فولیو 16 فیصد کے اضافے سے 17.8 ارب درہم تک پہنچ گیا۔
اسی دوران، صارفین کے ڈپازٹس 11 فیصد اضافے کے ساتھ 20 ارب درہم تک جا پہنچے، جس سے بینک کے کنزیومر اور وہول سیل کاروباری شعبوں میں تسلسل سے ترقی ظاہر ہوتی ہے۔ کل شیئر ہولڈرز ایکویٹی بھی 4 فیصد اضافے کے ساتھ 3.2 ارب درہم تک بڑھی۔
شیخ عمار بن حمید النعیمی نے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ، "عجمان بینک نے 2025 کی پہلی ششماہی میں مضبوط نتائج دیے ہیں، جو ایک مستحکم کاروباری ماڈل اور مرکوز ترقیاتی حکمتِ عملی کا ثبوت ہیں۔ ہماری کارکردگی نہ صرف نظم و ضبط پر مبنی عمل درآمد کا مظہر ہے بلکہ مالیاتی استحکام اور قومی معیشت میں کردار کی بھی غمازی کرتی ہے۔"
بینک نے اس دوران کیپیٹل اور لیکویڈیٹی کے اشاریے بھی مستحکم رکھے، جن میں کیپیٹل ایڈیکوئسی ریشو 17.3 فیصد اور ٹائیر-1 کیپٹل ریشو 16.1 فیصد پر برقرار رہی۔ ریٹرن آن ایکویٹی (ROE) بہتر ہوکر 15.6 فیصد تک پہنچ گئی، جب کہ ریٹرن آن ایسیٹس (ROA) 1.9 فیصد تک بڑھی۔ لیکویڈیٹی کی بہتری کے ساتھ، اہل لیکوئیڈ اثاثہ جات کا تناسب (ELAR) 18 فیصد اور لون ٹو اسٹیبل ریسورسز ریشو (LSRR) 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
بینک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، مصطفی الخلفاوی نے تبصرہ کرتے ہوئے بتایاکہ، "پہلی ششماہی کے نتائج اجمان بینک کے مالیاتی ڈھانچے، فنڈنگ بیس اور آپریشنل ماڈل کی مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ہم پلیٹ فارم کی پیداوار میں بہتری، اخراجات اور آمدنی کے تناسب کو بہتر بنانے، اور سرمایہ تک رسائی کو متنوع بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ کوبریڈڈ پوائنٹ آف سیل (POS) حل، ریئل ٹائم سیٹلمنٹ پلیٹ فارم، اور عالمی سطح پر کامیاب سکوک اجراء جیسے اقدامات بینک کی ترقی پر بڑھتے اعتماد کی علامت ہیں۔
بینک نے کریڈٹ پورٹ فولیو کے مؤثر نظم و نسق کے تحت اثاثہ جاتی معیار میں بھی بہتری حاصل کی، جہاں نان پرفارمنگ لون (NPL) کا تناسب 8.6 فیصد تک کم ہوا — جو 126 بیسس پوائنٹس کی کمی ہے۔ اسی طرح گروتھ اسٹیج 2 اور 3 کی مجموعی نمائش میں 15 فیصد کمی دیکھی گئی، اور ریئل اسٹیٹ کی شمولیت کم ہو کر 32.9 فیصد پر آ گئی، جو 705 بیسس پوائنٹس کی نمایاں کمی ہے۔
بینک نے اپنی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں سرمایہ کاری کی، جس میں SME آن بورڈنگ پلیٹ فارمز، مرچنٹ POS سہولیات، اور رئیل ٹائم پروسیسنگ شامل ہیں۔ یہ اقدامات بینک کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل شروعات کو تیز کرنے، اور مکمل خودکار سروس مہیا کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
مئی 2025 میں، عجمان بینک نے اپنے پہلے 500 ملین امریکی ڈالر کے پانچ سالہ سکوک کا کامیاب اجراء کیا، جسے ناسڈیک دبئی پر لسٹ کیا گیا۔ یہ اجراء 5.4 گنا زائد سبسکرائب ہوا، جس میں 65 فیصد علاقائی اور 35 فیصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے حصہ لیا، جو بینک پر عالمی سطح پر اعتماد کی دلیل ہے۔
عجمان بینک نے 2030 تک 4 ارب درہم کے "پائیدار مالیاتی عزم" اور 2050 تک "نیٹ زیرو ایمیشن" کے ہدف کا اعادہ بھی کیا ہے، جو عجمان وژن 2030 اور متحدہ عرب امارات کی پائیدار ترقی کی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے۔