متحدہ عرب امارات اور کویت کے درمیان میڈیا تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

ابوظہبی، 22 جولائی، 2025 (وام)--نیشنل میڈیا آفس (این ایم او) اور یو اے ای میڈیا کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے آج کویت کی وزارتِ اطلاعات کے ایک وفد کا استقبال کیا، جس کی قیادت پریس، اشاعت اور مطبوعات کے لیے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری، لافی السبیعی کر رہے تھے۔

یہ ملاقات ابوظہبی میں واقع نیشنل میڈیا آفس کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں این ایم او کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر جمال محمد الکعبی بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو مزید مستحکم بنانے، اور مختلف میڈیا شعبہ جات میں دو طرفہ ہم آہنگی کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی میڈیا سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی، خاص طور پر تیزی سے جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے تناظر میں۔

بات چیت کے دوران آئندہ منعقد ہونے والی 'بریج سمٹ' کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جو خیالات کے تبادلے اور میڈیا کے مستقبل پر غور و فکر کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔

الحامد نے خلیجی میڈیا کے درمیان انضمام اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون ایک زیادہ مؤثر، ہمہ گیر اور ذمہ دار میڈیا منظرنامے کی تشکیل میں معاون ہوگا، جو انسانی اقدار کا عکاس ہو، تنوع کا احترام کرے اور معاشروں کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہو۔

کویتی وفد کو نیشنل میڈیا آفس کے جدید میڈیا مانیٹرنگ اور تجزیاتی نظاموں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں میڈیا مواد کی مختلف پلیٹ فارمز پر نگرانی، رجحانات کا تجزیہ، اور ابلاغی پیغامات کے اثرات کی پیمائش کے جدید طریقے شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، ملاقات میں میڈیا کے فیصلوں کو مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید ایپلیکیشنز بھی پیش کی گئیں، جن کا مقصد آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا اور تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ رہنا ہے۔