ابوظہبی، 23 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی میں ابوظہبی ایوارڈز کی بارہویں تقریب کے لیے نامزدگیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس سال یہ اقدام اپنی بیسویں سالگرہ بھی منا رہا ہے، جس کے تحت گزشتہ دو دہائیوں سے ان افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جنہوں نے بے لوث خدمات کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس تاریخی موقع کو یادگار بنانے کے لیے منگل کی شام ابوظہبی کے نو اہم مقامات کو پیلے رنگ کی روشنی سے منور کیا گیا۔ ان مقامات میں ابوظہبی گلوبل مارکیٹ (ADGM)، مبادلہ ٹاور، العین سٹی میونسپلٹی، الظفرہ ریجن میونسپلٹی، خلیفہ یونیورسٹی، کیپیٹل گیٹ اور ڈبلیو ہوٹل ابوظبی شامل تھے۔ یہ روشنیاں اُن افراد کی خدمات کو سراہنے کا اظہار تھیں جنہوں نے خلوص، لگن اور ایثار سے معاشرے کی خدمت کی۔
ایوارڈز کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس بار نہ صرف ملک بھر بلکہ دنیا بھر سے افراد کو مدعو کیا جا رہا ہے کہ وہ ایسے شخصیات کو نامزد کریں جو کسی بھی عمر، پیشے یا قومیت سے تعلق رکھتے ہوئے، یو اے ای کے معاشرے میں مثبت تبدیلی لا رہی ہیں۔ نامزدگیاں ایوارڈز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سال بھر کی جا سکتی ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا کہ سنہ 2005 سے اب تک ابوظہبی ایوارڈز کے تحت 18 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 100 افراد کو ان کی متاثر کن اور قابلِ قدر خدمات پر ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔
انفرادی طور پر مثبت کردار ادا کرنے والی شخصیات کی نامزدگی کے لیے ویب سائٹ www.abudhabiawards.ae پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔