شیخ ذیاب بن محمد بن زاید کی زیر صدارت انسانی ہمدردی کونسل کا دوسرا اجلاس، عالمی فلاحی ایجنڈے پر غور

ابوظہبی، 24 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی انسانی ہمدردی و فلاحی کونسل (IHPC) کا دوسرا اجلاس عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جو صدارتی امور برائے ترقی و شہداء کے ڈپٹی چیئرمین اور IHPC کے چیئرمین بھی ہیں۔

اجلاس میں 2024 کی خارجہ امداد کی رپورٹ اور انسانی ہمدردی کے شعبے میں پیشہ ور افراد کی تربیت سے متعلق پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد انسانی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے عالمی ویژن کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانا تھا۔

شیخ ذیاب بن محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنے انسانی ہمدردی اور ترقیاتی مشن کے تحت دنیا بھر میں امدادی اقدامات کو وسعت دے رہا ہے، جو کہ بانی شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کے وژن کا تسلسل ہے اور صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی قیادت میں مزید مستحکم ہوا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ امدادی و ترقیاتی پروگراموں کو قومی ترجیحات اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، خصوصاً تعلیم، صحت، غربت و بھوک کا خاتمہ، پانی کی فراہمی، معاشی ترقی، ماحولیات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع جیسے شعبوں میں۔

اجلاس میں اس بات کی توثیق کی گئی کہ متحدہ عرب امارات کے انسانی جذبے کو ایک ادارہ جاتی ماڈل کے طور پر فروغ دیا جائے، تاکہ دنیا بھر کے مستحق معاشروں کی عزت نفس اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس ضمن میں شراکت داری، وسائل کا مؤثر استعمال اور پائیدار حل پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔

اجلاس میں ہیومینیٹیرین فورسائٹ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد امدادی شعبے کے قائدین کی صلاحیتوں کو جدید سائنسی اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بڑھانا ہے۔ پروگرام امدادی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے پیشہ ور افراد کو عالمی سطح پر مؤثر منصوبہ بندی اور نفاذ کے لیے تیار کرتا ہے۔

اس کے علاوہ، انوار قرقاش ڈپلومیٹک اکیڈمی میں ایم اے پروگرام برائے انسانی اور ترقیاتی امور میں کونسل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد عالمی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون، اور انسانی و ترقیاتی مطالعات کے تناظر میں مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس میں وزیر برائے کمیونٹی ایمپاورمنٹ شمع بنت سہیل المزروعی، صدارتی عدالت کے مشیر فارس محمد المزروعی، ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر حمدان مسلم المزروعی، اور ابو ظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے شرکت کی۔