ایمرٹس ایئرلائن ایک بار پھر دنیا کی بہترین لانگ ہال ایئرلائن قرار

دبئی، 24 جولائی، 2025 (وام)--دنیا بھر میں اپنی معیاری سروس کے لیے معروف ایمرٹس ایئرلائن نے ایک بار پھر عالمی سطح پر "بیسٹ لانگ ہال ایئرلائن" کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ اعلان معروف برطانوی اشاعتی ادارے ٹیلیگراف ٹریول ایوارڈز 2025 کے تحت کیا گیا، جہاں 20 ہزار سے زائد قارئین نے ایمرٹس کو طویل فاصلے کی بہترین ایئرلائن کے طور پر منتخب کیا۔

ایوارڈ کی تقریب حال ہی میں لندن میں منعقد ہوئی، جہاں ایمرٹس کی برطانیہ میں لیژر سیلز مینیجر، ہیلن برین نے کمپنی کی جانب سے یہ اعزاز وصول کیا۔

ایمرٹس ایئرلائن دنیا بھر میں فضائی سفر کے شائقین کی اولین ترجیح بنی ہوئی ہے۔ رواں ماہ معروف ادارے یوگوو (YouGov) نے بھی اسے "2025 کی سب سے زیادہ تجویز کردہ عالمی برانڈ" قرار دیا۔ حیرت انگیز طور پر، یہ واحد ایئرلائن تھی جسے یوگوو کی گلوبل ٹاپ 10 فہرست میں شامل کیا گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایمرٹس کو اس سطح پر سراہا گیا ہو۔ ٹیلیگراف ٹریول ایوارڈز کی تاریخ میں ایمرٹس کو 2023 اور 2025 میں مسلسل "بیسٹ لانگ ہال ایئرلائن" کا اعزاز دیا گیا، جو اس کی مسلسل معیاری کارکردگی کی علامت ہے۔

سال 2024 میں، ایمرٹس کو ایک اور عالمی اعزاز حاصل ہوا جب اسے "ورلڈز بیسٹ ایئرلائن" قرار دیا گیا۔ یہ درجہ بندی 90 عالمی ایئرلائنز کے مابین کی گئی، جس میں 30 سے زائد پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا، جن میں پرواز کی وقت پر آمد، سامان کی پالیسی، پروازوں کا نیٹ ورک، ہوم ایئرپورٹ کا معیار، جہازوں کا جدید ہونا، انعامی پروگرام کی افادیت اور کھانے پینے کی سہولیات شامل تھیں۔