دبئی، 25 جولائی 2025 (وام)--دبئی پولیس نے بین الاقوامی جرائم میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد فرانسیسی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ دونوں افراد پر نارکوٹکس، نفسیاتی ادویات کی اسمگلنگ اور بین الاقوامی دھوکہ دہی کی کوشش جیسے سنگین الزامات عائد تھے۔
حکام کے مطابق ان ملزمان کے خلاف انٹرپول اور یورپی یونین کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی (یوروپول) کی جانب سے ریڈ نوٹس جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد دبئی کی تحقیقاتی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیاگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حوالگی وزارت داخلہ اور دبئی پبلک پراسیکیوشن کے اشتراک سے کی گئی، تاکہ تمام قانونی اور عدالتی تقاضے مکمل طور پر پورے کیے جا سکیں۔
اس اقدام کے بعد سال 2025 میں دبئی پولیس کی جانب سے فرانس کے حوالے کیے گئے ملزمان کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ یہ تمام افراد قتل، منظم جرائم، منی لانڈرنگ، مسلح ڈکیتی اور منشیات اسمگلنگ جیسے بین الاقوامی جرائم میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔
دبئی پولیس نے واضح کیا کہ یہ کارروائی عالمی سیکیورٹی اداروں سے تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا حصہ ہے، تاکہ سرحد پار جرائم کی روک تھام اور دنیا بھر میں تحفظ عامہ کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹی گیشن، تفتیشی ٹیموں، ریڈ یونٹس اور دیگر خصوصی شعبوں نے مربوط کوششوں سے تمام مطلوب افراد کو بروقت اور مؤثر انداز میں گرفتار کیا۔ اس کامیابی کا سہرا ڈیٹا اینالیسس سینٹر میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کو بھی جاتا ہے، جس نے مطلوبہ افراد کی درست لوکیشن، ٹریکنگ اور گرفتاری میں مرکزی کردار ادا کیا۔