دبئی، 29 جولائی، 2025 (وام)--دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) نے سال 2025 کی پہلی ششماہی میں 4 کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا خیرمقدم کر کے اپنی تاریخ کا مصروف ترین نصف سال مکمل کر لیا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر یہ 2.3 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ دبئی کا ہوا بازی کا شعبہ نہ صرف مستحکم ہے بلکہ علاقائی فضائی حدود میں وقتی تعطل کے باوجود مسلسل ترقی کر رہا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، دوسری سہ ماہی میں 2 کروڑ 25 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جس میں 3.1 فیصد اضافہ ہوا۔ صرف اپریل کے مہینے میں 80 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی — جو کہ اب تک کا سب سے مصروف اپریل رہا۔
دبئی ایئرپورٹس کے سی ای او پال گرفتھس نے کہا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی یہ کامیابی نہ صرف آپریشنز کی چُست حکمت عملی کا مظہر ہے بلکہ اس بات کی دلیل بھی ہے کہ متحدہ عرب امارات عالمی سفر و تجارت میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال کی دوسری ششماہی، خاص طور پر موسم گرما کے اختتام اور سرما کے بین الاقوامی تفریحی، کھیلوں اور کاروباری ایونٹس کے دوران مسافروں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ان میں دبئی ایئر شو 2025 کو ایک کلیدی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو ہوابازی کے مستقبل کے وژن کی بھرپور نمائندگی کرے گا۔
رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 22 ہزار پروازیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ یومیہ اوسط مسافروں کی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار رہی۔ جنوری 2025 سب سے مصروف مہینہ ثابت ہوا، جس میں 85 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جو ایک نیا ماہانہ ریکارڈ بھی ہے۔ اس دوران سامان کی کل ترسیل 41.8 ملین بیگز پر مشتمل رہی، جن میں سے 91 فیصد بیگز صرف 45 منٹ میں مسافروں تک پہنچا دیے گئے۔ بیگز کی غلط ہینڈلنگ کی شرح نہایت کم یعنی صرف 2 بیگ فی 1000 مسافر رہی، جو کہ سال 2024 کی عالمی اوسط 6.3 کے مقابلے میں کئی گنا بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کو توقع ہے کہ سال کے اختتام تک سامان کی ترسیل 85 ملین بیگز سے تجاوز کر جائے گی، جو 2024 کے سابقہ ریکارڈ 81.2 ملین بیگز سے زیادہ ہو گا۔
مسافر سہولیات کے حوالے سے بھی دبئی ایئرپورٹ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سال کی پہلی ششماہی میں 99.2 فیصد مسافروں نے روانگی پر صرف 10 منٹ سے بھی کم وقت میں امیگریشن کا عمل مکمل کیا، جب کہ 98.4 فیصد افراد نے آمد پر 15 منٹ سے کم وقت میں کلیئرنس حاصل کی۔ اسی طرح 98.7 فیصد مسافروں نے سیکیورٹی چیک کی کارروائی 5 منٹ سے کم وقت میں مکمل کی، جو کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین انتظامات کا مظہر ہے۔
جہاں تک مسافروں کے آبائی ممالک اور پسندیدہ شہروں کا تعلق ہے، وہاں بھارت DXB کا سب سے بڑا ملک رہا، جہاں سے 5.9 ملین افراد نے سفر کیا۔ اس کے بعد سعودی عرب (3.6 ملین)، برطانیہ (3.0 ملین)، پاکستان (2.1 ملین) اور امریکہ (1.6 ملین) سرفہرست رہے۔ شہروں کے اعتبار سے لندن پہلے نمبر پر رہا، جہاں سے 1.8 ملین مسافر گزرے، جب کہ ریاض (1.5 ملین)، ممبئی (1.2 ملین)، جدہ اور نئی دہلی (1.1 ملین) اور استنبول (982,000) بھی مصروف ترین شہروں میں شامل رہے۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس وقت دنیا کے 107 ممالک کے 269 سے زائد شہروں سے منسلک ہے، جہاں 92 بین الاقوامی ایئر لائنز خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ یہ عالمی رابطے دبئی کو تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور طویل مدتی ترقی کے لیے ایک نمایاں مرکز بناتے ہیں۔