انسانی اسمگلنگ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، متحدہ عرب امارات کی پختہ عزم کی تجدید

ابوظہبی، 30 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف قومی کمیٹی کے چیئرمین، عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے انسانی اسمگلنگ کو انسانی وقار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات "انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن" کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہی، جو ہر سال 30 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات انصاف، شفافیت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر مبنی ایک مربوط قومی ڈیجیٹل نظام کی ترقی پر مسلسل کام کر رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت، کو بروئے کار لا کر نہ صرف کارروائیوں کی رفتار میں بہتری لا رہا ہے بلکہ متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو بھی مؤثر بنا رہا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد متاثرین کی تکالیف کو کم کرنا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔

النعیمی نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی اسمگلنگ جیسے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات دیگر ممالک اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے، تجربات کے تبادلے اور معلومات کی باہمی فراہمی کے ذریعے اس جرم کے خلاف متحدہ محاذ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانی اسمگلنگ کا مکمل خاتمہ ایک اجتماعی عالمی ذمے داری ہے، جس کے لیے مشترکہ عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔