منشیات کے خلاف جدوجہد: امارات میں قومی اتھارٹی کے قیام کا عالمی ادارے کی جانب سے خیر مقدم

ابوظہبی، 3 اگست 2025 (وام)--نشہ آور ادویات کے عالمی ماہرین کی تنظیم، انٹرنیشنل سوسائٹی آف ایڈکشن میڈیسن (ISAM) نے متحدہ عرب امارات کے صدر، عالی جاہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے قومی انسداد منشیات اتھارٹی کے قیام سے متعلق صدارتی فرمان کا خیر مقدم کیا ہے، اور اسے منشیات اور ذہنی اثرات کی حامل اشیاء کے خلاف مؤثر، مربوط اور فیصلہ کن اقدام قرار دیا ہے۔

'ISAM' کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ فرمان نہ صرف منشیات کے خلاف امارات کے مربوط اور جامع نقطہ نظر کو تقویت دیتا ہے بلکہ عالمی سطح پر منشیات کے پھیلاؤ کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھی ایک مؤثر مثال پیش کرتا ہے۔

تنظیم نے اعتراف کیا کہ متحدہ عرب امارات نے انسداد منشیات کے لیے نہ صرف اپنے قوانین کو وقت کے تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا ہے بلکہ سیکیورٹی، تدارک، علاج اور عوامی آگہی کے میدانوں میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے، جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔

'ISAM' کے صدر اور امریکن سوسائٹی آف ایڈکشن میڈیسن (ASAM) کے بورڈ ممبر، ڈاکٹر حمد الغفری نے بیان میں کہا کہ قومی انسداد منشیات اتھارٹی کا قیام ایک ایسا ہمہ گیر فریم ورک فراہم کرتا ہے جس کے تحت انسداد منشیات کے لیے پالیسی سازی، اسٹریٹجیز، بچاؤ، علاج اور بحالی کے اقدامات کو مربوط کیا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اتھارٹی کو جو قانونی اختیارات دیے گئے ہیں، وہ ملک میں موجود اداروں کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائیں گے، تاکہ نہ صرف منشیات کی سپلائی چین کا خاتمہ ہو بلکہ ان عناصر کا بھی مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے جو نوجوان نسل کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ڈاکٹر الغفری نے وضاحت کی کہ اتھارٹی کے دائرہ کار میں چند کلیدی ستون شامل ہوں گے، جن میں منشیات کی رسد اور طلب کو کم کرنا، اسمگلنگ نیٹ ورکس کی نشاندہی و خاتمہ، علاج و بحالی کے نظام کو فروغ دینا، اور صحت یافتہ افراد کو دوبارہ سماج و خاندان کا مؤثر حصہ بنانا شامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انسداد منشیات کی اس حکمت عملی میں قانون سازی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیقی عمل کو بھی تقویت دی جائے گی۔ ان اقدامات کے ذریعے کمیونٹی بیسڈ آگہی مہمات کو تقویت ملے گی، ایک مربوط قومی مانیٹرنگ سسٹم تشکیل پائے گا، اور بین الاقوامی سطح پر تربیت و استعداد کاری میں اشتراک عمل کو فروغ حاصل ہو گا۔

اپنے بیان کے اختتام پر ڈاکٹر الغفری نے یقین دہانی کرائی کہ 'ISAM' منشیات اور نفسیاتی اثرات کی حامل اشیاء کے خلاف ہر قسم کی کوششوں، منصوبوں اور پروگراموں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، تاکہ معاشروں کو منشیات سے پاک اور محفوظ بنایا جا سکے۔