ابوظہبی، 4 اگست 2025 (وام)--ایئر عربیہ ابوظہبی نے آذربائیجان کے شہر باکو اور جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے، تاکہ مسافروں کو مزید سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں اور ان مقبول سیاحتی مقامات کے لیے بڑھتی ہوئی مانگ کا مؤثر انداز میں جواب دیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق، ایئرلائن اب زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور باکو کے حیدر علییف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ہفتے میں چھ دن بلا تعطل پروازیں چلا رہی ہے۔ نئی شیڈولنگ کے مطابق، اب پروازیں منگل، بدھ، جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دستیاب ہوں گی، جو سیاحوں کو مزید لچکدار سفری آپشنز فراہم کرتی ہیں۔
اسی طرح، 7 اگست سے تبلیسی کے لیے بھی پروازوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اور جمعرات کے دن دو پروازیں روزانہ چلائی جائیں گی، جس سے ابوظبی اور تبلیسی کے درمیان رابطے میں مزید بہتری آئے گی۔
ایئر عربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل العلی نے کہا ہے کہ باکو اور تبلیسی کے لیے پروازوں میں اضافے کا فیصلہ علاقائی نیٹ ورک کو وسعت دینے اور مسافروں کے لیے سہولت، قدروقیمت اور روانی کو یقینی بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق، یہ دونوں شہر یو اے ای کے رہائشیوں اور سیاحوں میں یکساں طور پر مقبول ہیں، اور نیا شیڈول نہ صرف سفر و سیاحت کے تعلقات کو مضبوط بنائے گا بلکہ ایک آسان، ہموار اور بااعتماد سفری تجربہ بھی فراہم کرے گا۔
ایئر عربیہ ابوظہبی اپنے فروغ پذیر روٹ نیٹ ورک میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ حال ہی میں ایئرلائن نے قازقستان کے شہر الماتے اور آرمینیا کے دارالحکومت یریوان کے لیے بھی نئی پروازیں متعارف کرائی ہیں، جو خطے میں ثقافتی و سیاحتی مقامات تک آسان رسائی کو مزید تقویت دے رہی ہیں۔
ایئرلائن کی یہ توسیع نہ صرف سیاحوں کو کم خرچ اور براہِ راست سفر کی سہولت دیتی ہے، بلکہ ابوظبی کو خطے کا ایک اہم سفری مرکز بنانے کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔