جونیئر جیٹ اسکی چیمپئن شپ: اماراتی کم عمر کھلاڑی علی نے سلور میڈل جیت کر عالمی سطح پر پرچم بلند کر دیا

گیورزامولی، ہنگری، 5 اگست 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے جونیئر جیٹ اسکی رائیڈر، 13 سالہ علی العلی
نے ہنگری کے شہر گیورزامولی میں منعقدہ جیٹ اسکی ورلڈ چیمپئن شپ (اسکی جونیئر 3.3 کیٹیگری) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

رپورٹ کے مطابق، علی العلی نے تین سخت اور سنسنی خیز راؤنڈز میں مجموعی طور پر 64 پوائنٹس حاصل کیے۔ ایسٹونیا کے اینڈر ہیوبرٹ لاؤری نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ میزبان ملک ہنگری کے لایوس کومونی تیسری اور فرانس کے میکسم آرتھبیس چوتھی پوزیشن پر رہے۔

علی العلی نے بین الاقوامی اسٹیج پر امارات کا پرچم بلند کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میرین اسپورٹس فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا، جس نے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت اور مواقع فراہم کیے۔

واضح رہے کہ ہنگری میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ انٹرنیشنل جیٹ اسپورٹس بوٹنگ ایسوسی ایشن (IJSBA) کے منظور شدہ مقابلوں میں شامل ہے، جس کا مقصد جونیئر کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار کرنا ہے، بشمول سالانہ ورلڈ فائنلز جو امریکہ میں منعقد ہوتے ہیں۔