یو اے ای کی مسجد الاقصیٰ کے صحن پر اسرائیلی وزیر کے دھاوے کی شدید مذمت

ابوظہبی، 6 اگست 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر کی جانب سے قابض پولیس کی نگرانی میں یہودی آبادکاروں کے ہمراہ مسجد الاقصیٰ کے صحن پر دھاوے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک اشتعال انگیز اقدام اور ناقابل قبول انتہا پسندی قرار دیا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان دشمنانہ اقدامات کی کھلے عام مذمت کرے، ذمہ داران کو کٹہرے میں لائے، اور بالخصوص حکومتی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے اس اقدام میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر حصہ لیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی انتہاپسندوں کی جانب سے مسلسل حملے اور نفرت انگیز بیانات ایک منظم انتہا پسندانہ مہم کا حصہ ہیں، جو نہ صرف برادر فلسطینی عوام کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ خطے کے سماجی امن اور استحکام کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔

امارات نے زور دیا کہ مسجد الاقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا مکمل احترام کیا جائے، اور تمام مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اردن کی ہاشمی حکومت کے اس کلیدی کردار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا، جو کہ مسجد الاقصیٰ کے اوقاف کی نگرانی اور انتظامی اُمور سنبھالنے کی قانونی و مذہبی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔