غزہ میں بھوک اور غذائی قلت نے زندگی اجیرن کر دی، اقوام متحدہ کی سنگین وارننگ

نیویارک، 8 اگست، 2025 (وام)--اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بھوک اور غذائی قلت کے پھیلاؤ نے وہاں کے شہریوں کی زندگی کو تباہ کن حد تک متاثر کیا ہے۔

جمعرات کو میڈیا بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے اسپتال اپنی استعداد سے کہیں زیادہ دباؤ کا شکار ہیں، جہاں مریضوں کو نہ صرف فرش پر بلکہ بعض اوقات سڑکوں پر بھی طبی امداد کے بغیر لیٹے دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد ایندھن کی فراہمی کو ممکن نہ بنایا گیا تو صورتحال بہت بڑے انسانی المیے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

فرحان حق نے مزید بتایا کہ حالات اب سانحہ خیز حد سے بھی تجاوز کر چکے ہیں۔ امدادی قافلوں کے راستوں پر ہوں یا شہری آبادیوں میں، ہر جگہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کیے گئے تو غزہ کی پٹی میں انسانی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی ہو سکتا ہے۔