ابوظہبی، 10 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان حالیہ تاریخی امن معاہدے کے دستخط پر آذربائیجان کے صدر الہام علییف کو مبارکباد دی۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شیخ محمد بن زاید نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا اور قفقاز کے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دے گا، جو خطے کے تمام عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
اماراتی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے دنیا میں استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب صدر الہام علییف نے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن، استحکام اور سلامتی کے لیے خطے اور عالمی سطح پر یو اے ای کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی، خاص طور پر معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں، اس کے علاوہ دیگر ایسے میدانوں پر بھی گفتگو ہوئی جو مشترکہ مفادات کے فروغ اور دونوں ممالک کی ترقیاتی ترجیحات میں معاون ثابت ہوں۔