دبئی، 14 اگست، 2025 (وام)--عالمی بندرگاہی اور لاجسٹکس کے شعبے میں صفِ اول کی کمپنی ڈی پی ورلڈ نے 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران مضبوط مالی اور آپریشنل نتائج کا اعلان کرتے ہوئے عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اپنی مربوط تجارتی حکمتِ عملی کی کامیابی کو اجاگر کیا ہے۔
ڈی پی ورلڈ کے مطابق، آمدنی میں سال بہ سال 20.4 فیصد اضافہ کے ساتھ یہ 11.244 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ ایڈجسٹڈ EBITDA (کمائی قبل از سود، ٹیکس، فرسودگی و تحلیل) میں 21.4 فیصد اضافہ کے ساتھ 3.033 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
اسی عرصے میں کمپنی نے اپنے عالمی پورٹ فولیو کے تحت 45.4 ملین TEU (بیس فٹ کے مساوی یونٹس) کنٹینرز ہینڈل کیے، جو کہ 5.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین و سی ای او سلطان احمد بن سلیّم نے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ، "ریڈ سی روٹ کی مسلسل بندش، جیوپولیٹیکل تناؤ اور تجارتی محصولات سے متعلق بڑھتی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہم نے شاندار نتائج حاصل کیے۔ یہ ہماری مکمل مربوط لاجسٹکس خدمات اور کلیدی مارکیٹس میں بنیادی ڈھانچے پر کنٹرول کی کامیابی ہے۔"
رپورٹ کے مطابق، ڈی پی ورلڈ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں 1.08 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی، جبکہ پورے سال کا ہدف 2.5 ارب ڈالر ہے۔ یہ سرمایہ کاری جبل علی بندرگاہ، ڈرائی ڈاکس ورلڈ، ٹونا ٹیکرا (بھارت)، لندن گیٹ وے (برطانیہ)، ڈکار (سینیگال) سمیت دیگر منصوبوں پر مرکوز ہے، تاکہ ٹرمینلز کی گنجائش، سپلائی چین انضمام اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔
ڈی پی ورلڈ نے ان ٹرمینلز پر، جہاں کمپنی کو مکمل آپریشنل کنٹرول حاصل ہے، 27.4 ملین TEU ہینڈل کیے، جو کہ 7.5 فیصد سالانہ اضافہ ہے۔
کمپنی کی ذیلی ادارہ یونی فیڈر عالمی شپنگ لائنز اور مالکانِ سامان کے لیے مربوط، پائیدار اور موثر ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ سروسز فراہم کر رہا ہے، جو موجودہ سپلائی چین میں تعطل کے دوران بھی ترسیل کے تسلسل اور وقت کی پابندی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈی پی ورلڈ کا فریٹ فارورڈنگ پلیٹ فارم اب 300 سے زائد مقامات تک پھیلا ہوا ہے اور 90 فیصد سے زائد عالمی تجارتی راستوں کا احاطہ کرتا ہے، جو اسے عالمی لاجسٹکس کے بنیادی ستون کے طور پر مستحکم کرتا ہے۔