شارجہ میں جولائی کے دوران رئیل اسٹیٹ لین دین 7.5 ارب درہم سے تجاوز

شارجہ، 14 اگست، 2025 (وام)--شارجہ کے رئیل اسٹیٹ شعبے نے جولائی 2025 کے دوران رواں سال کی بلند ترین ماہانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس میں 7.5 ارب درہم مالیت کے 11,377 ٹرانزیکشنز مکمل ہوئی، اور 23.2 ملین اسکوائر فٹ سے زائد رقبے پر جائیداد کی خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی۔

یہ غیر معمولی اضافہ امارت شارجہ میں جاری ترقیاتی رفتار اور سرمایہ کاری کے اعتماد کی واضح عکاسی کرتا ہے، جہاں مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس ترقی کے پیچھے شارجہ کا مستحکم قانونی نظام، اقتصادی استحکام، جدید طرزِ تعمیر کے منصوبے اور مربوط انفراسٹرکچر جیسے عوامل شامل ہیں، جو شارجہ کے مختلف حصوں میں سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

جولائی میں 114 مختلف علاقوں میں خرید و فروخت ہوئی، جو رئیل اسٹیٹ سرگرمی کی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔املاک کی خرید و فروخت میں بھی متنوع سرمایہ کاری دیکھی گئی، جس میں 857 رہائشی و تجارتی پلاٹس، 332 یونٹس ٹاورز میں، 312 تیار شدہ اراضی پر، اور 2 ترقی پذیر اراضی خرید و فروخت شامل ہیں۔ اسی ماہ کے دوران 593 رہن (مارگیج) سودے ریکارڈ کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 2.8 ارب درہم رہی، جو کل لین دین کا 5.2 فیصد ہے۔

یہ بینکاری شعبے کی جانب سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں مضبوط اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح، 1,134 ابتدائی سیلز معاہدے (10 فیصد)، 4,682 ملکیتی دستاویزات (41.1 فیصد) اور 3,465 ملکیت سرٹیفکیٹس (30.5 فیصد) کے سودے بھی مکمل کیے گئے، جو کہ مارکیٹ میں ملکیت کی منتقلی کے تسلسل اور شفافیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

جولائی کے دوران کچھ علاقے خاص طور پر نمایاں رہے۔ تلّال علاقہ 467.9 ملین درہم کی مجموعی تجارتی مالیت کے ساتھ سرفہرست رہا، اس کے بعد موئیلہ کمرشل (340.8 ملین)، السجا صنعتی (318.3 ملین)، اور ارقوب صنعتی علاقہ (316.7 ملین) نمایاں پوزیشن پر رہے۔

اراضیات کی فروخت کے لحاظ سے السیحمہ 206 سودوں کے ساتھ سب سے آگے رہا، جبکہ موئیلہ کمرشل میں 200، تلّال میں 186، اور المطرق میں 155 سودے ریکارڈ کیے گئے۔ شارجہ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں بھی سرگرمی دیکھی گئی، جہاں وسطی علاقے میں 134 سودے ہوئے، جن میں انڈسٹریل ایریا 1 کے 31 سودے سرفہرست رہے، جبکہ البلیدہ نے 60.2 ملین درہم کی مالیت کے ساتھ اعلیٰ تجارتی حیثیت حاصل کی۔

خورفکاں میں 13 سودے ہوئے، جن میں الحراء صنعتی علاقہ 5 سودوں کے ساتھ سب سے آگے رہا، اور الزبراہ نے 1.5 ملین درہم کی مالیت کے ساتھ سب سے زیادہ کاروباری اہمیت حاصل کی۔ کلبا میں 16 سودے ریکارڈ ہوئے، جن میں البحائص علاقہ 4 سودوں اور 3.3 ملین درہم کی مالیت کے ساتھ نمایاں رہا ہے۔