دبئی، 17 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز کے دفتر اور سام سنگ گلف الیکٹرانکس نے مشترکہ طور پر "سام سنگ انویشن کیمپس" پروگرام کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔ یہ اقدام یو اے ای آرٹیفیشل انٹیلیجنس کیمپ 2025 کا حصہ ہے، جس کا مقصد ملک میں نوجوانوں اور ہنرمندوں کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں تربیت و مہارت فراہم کرنا ہے۔
یہ شراکت داری سام سنگ کے عالمی سطح پر معروف تعلیمی پروگرام کو خطے کے سب سے بڑے مصنوعی ذہانت کے کیمپ کا جزوِ لازم بنا رہی ہے، جہاں ورکشاپس، ہیکاتھونز اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے شرکاء کی معلومات کو بڑھایا جا رہا ہے، خاص طور پر AI کے بنیادی تصورات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب سام سنگ کا پروگرام کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے اے آئی دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحمن المحمود نے کہا کہ حکومت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اپنے شراکتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ علم، تجربات اور بہترین طریقوں کا تبادلہ کیا جا سکے، اور اس کے ذریعے ایسے مشترکہ تعلیمی و علمی پروگرامز شروع کیے جا سکیں جو ملک کی مصنوعی ذہانت کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں معاون ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سام سنگ انویشن کیمپس کو 'یو اے ای- اے آئی' کیمپ میں شامل کرنا شرکاء کو عالمی معیار کے سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے اور یہ اقدام حکومت کے اُس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دے کر انہیں مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنا ہے۔
سام سنگ گلف الیکٹرانکس کے صدر، دوہی لی نے اس موقع پر کہا کہ سام سنگ میں ہمارا یقین ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کا امتزاج ترقی کی کنجی ہے۔ ان کے مطابق سام سنگ انویشن کیمپس کے ذریعے صرف تعلیم نہیں بلکہ ہم نوجوانوں کو اے آئی سے جڑے مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کر رہے ہیں، اور یہ امارات کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی قومی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ پروگرام سام سنگ کے عالمی CSR (کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی) اقدام کے تحت تشکیل دیا گیا ہے، جس میں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ڈیٹا تجزیہ اور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) جیسے شعبوں میں تربیت دی جاتی ہے۔ شرکاء کو صنعتی ماہرین کی رہنمائی میں نہ صرف عملی تجربہ ملے گا بلکہ وہ روز افزوں ٹیکنالوجی مارکیٹ میں کیریئر کے لیے درکار مہارتیں بھی حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ 'یو اے ای- اے آئی' کیمپ 2025 کا انعقاد وسط جولائی سے وسط اگست تک ہوا، جس میں 70 سے زائد سیشنز، ورکشاپس، ہیکاتھونز، لیکچرز اور چیلنجز شامل تھے۔ اس کیمپ میں بچوں، اسکول و یونیورسٹی طلبہ، نوجوانوں، اور کوڈنگ و AI ماہرین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کیا گیا۔ کیمپ کے سات کلیدی موضوعات میں مصنوعی ذہانت کا مستقبل، ڈیٹا سائنس، مشین لرننگ، تعلیم، صحت اور مالیات میں اسمارٹ ایپلی کیشنز، ویب ڈیویلپمنٹ، روبوٹکس، اے آئی اخلاقیات و حکمرانی، سائبر سیکیورٹی، اور ورچوئل و آگمینٹڈ ریئلٹی شامل تھے۔