ابوظہبی، 18 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے یاس تکافل پی جے ایس سی کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔ یہ اقدام 2023 کے وفاقی فرمانی قانون نمبر 48 کے آرٹیکل 33(2)(k) کے تحت کیا گیا ہے، جو ملک میں انشورنس سرگرمیوں کے ضوابط کو مرتب کرتا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یاس تکافل کی جانب سے انشورنس کمپنیوں کے لیے مقررہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کی پابندی نہ کیے جانے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم، یہ واضح کیا گیا کہ معطلی سے قبل کیے گئے تمام انشورنس معاہدوں سے متعلق حقوق و فرائض اب بھی کمپنی کی ذمہ داری ہوں گے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نگران و ضابطہ جاتی اختیارات کے ذریعے یہ امر یقینی بناتا ہے کہ ملک میں تمام انشورنس ادارے، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، سی بی یو اے ای کے مقررہ ضوابط و معیارات کی مکمل پاسداری کریں، تاکہ انشورنس سیکٹر اور ملکی مالیاتی نظام کی شفافیت اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔