ابوظہبی، 18 اگست، 2025 (وام)--اماراتی مہم جو راشد غانم الشامسی نے یورپ کی بلند ترین چوٹی "ماؤنٹ ایلبرس" پر متحدہ عرب امارات کا پرچم لہرا ہے۔ روس کے قفقاز پہاڑی سلسلے میں واقع یہ چوٹی سطح سمندر سے 5,642 میٹر بلند ہے، جہاں شدید برفباری اور تیز ہواؤں کے درمیان یہ سنگِ میل عبور کیا گیا۔
راشد الشامسی نے نہایت سرد موسم اور کٹھن راستوں کے باوجود یہ کارنامہ انجام دیا، جس نے ان کی بے مثال جسمانی قوت، عزم اور حوصلے کو نمایاں کیا۔
پرچم کشائی کے بعد انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، "میں یہ کامیابی اپنے وطن متحدہ عرب امارات اور اُن تمام لوگوں کے نام کرتا ہوں جو اس یقین کے ساتھ جیتے ہیں کہ حوصلہ ناممکن کو ممکن بنا دیتا ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر محض جغرافیائی بلندی پر پہنچنے کا نہیں، بلکہ ارادے کی بلندی کو چھونے کا تجربہ تھا۔
ماؤنٹ ایلبرس دنیا کی سات مشہور بلند ترین چوٹیاں میں سے ایک ہے اور اپنی جغرافیائی ساخت اور سخت موسمی حالات کی وجہ سے اسے دنیا کی مشکل ترین چڑھائیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
راشد الشامسی کی یہ کامیابی اماراتی مہم جوئی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتی ہے اور نوجوان نسل کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام بھی دیتی ہے کہ وہ دنیا کے بلند ترین میدانوں میں بھی اپنے ملک کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔