مرکزی بینک کی جانب سے ملک ایکسچینج کا لائسنس منسوخ، 20 لاکھ درہم جرمانہ

ابوظہبی، 20 اگست 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے ملک ایکسچینج کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے اور اس کا نام رجسٹر سے خارج کرتے ہوئے ادارے پر بیس لاکھ درہم کا مالی جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی وفاقی فرمانی قانون نمبر 20 برائے 2018 کے تحت کی گئی، جو منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور غیرقانونی تنظیموں کی روک تھام سے متعلق ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق، یہ فیصلہ ان معائنوں کے نتائج کی بنیاد پر کیا گیا جو ایکسچینج ہاؤس کے خلاف کیے گئے تھے۔ ان معائنوں میں یہ بات سامنے آئی کہ ادارے نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے فریم ورک اور متعلقہ ضوابط کی پاسداری میں سنگین کوتاہیاں کیں۔

سی بی یو اے ای نے وضاحت کی کہ بطور نگران و ضابطہ ساز ادارہ، وہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین اور مقررہ معیارات کی سختی سے پابندی کریں۔ اس کا مقصد مالی لین دین کی شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھنا اور ملکی مالیاتی نظام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔