یورپ اور امریکا میں بڑے معاہدے، مصدر کی صلاحیت 51 گیگاواٹ تک پہنچ گئی

ابوظہبی، 20 اگست، 2025 (وام)--ابوظہبی فیوچر انرجی کمپنی پی جے ایس سی (مصدر) نے اپنی 12ویں سالانہ پائیداری رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کمپنی کی گزشتہ برس کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر پھیلاؤ کو اجاگر کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مصدر نے 2024 میں اپنی توانائی کی مجموعی صلاحیت میں ریکارڈ اضافہ کیا اور یورپ و امریکا میں اہم حصولیوں کے ذریعے اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے ماحولیاتی کارکردگی، سماجی اثرات، اخلاقی کاروباری اصولوں اور افرادی قوت میں تنوع جیسے اہم شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔ اسی کے ساتھ سبز مالیات کے میدان میں بھی اپنی قیادت کو مزید مضبوط کرتے ہوئے 2024 میں گرین بانڈ پروگرام میں توسیع کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق، مصدر نے گزشتہ برس 62 فیصد ریکارڈ پورٹ فولیو گروتھ حاصل کی، جس کے بعد اس کی کل صلاحیت (عملی، زیر تعمیر اور منصوبہ جاتی مراحل میں) 51 گیگاواٹ تک پہنچ گئی، جو کمپنی کے 2030 کے ہدف 100 گیگاواٹ کا نصف سے زائد ہے۔ صرف عملی اور زیر تعمیر منصوبوں کی صلاحیت تقریباً دوگنی ہو کر 32.6 گیگاواٹ ہو گئی، جب کہ عملی منصوبوں سے 29,225 گیگاواٹ آور صاف بجلی پیدا کی گئی، جس سے 1 کروڑ 55 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج سے بچاؤ ممکن ہوا۔

2024 میں یورپ اور امریکا میں بڑے حصولی معاہدوں نے مصدر کی ترقی کو نئی سمت دی۔ یونان میں کمپنی نے ٹرنا انرجی کو 3.2 ارب یورو میں خریدا، جب کہ امریکا میں آزاد قابلِ تجدید توانائی پروڈیوسر ٹیرا جن میں 50 فیصد حصص حاصل کیے۔ یہ سرمایہ کاری نہ صرف مصدر کی صلاحیت بڑھائے گی بلکہ امارات اور امریکا کے درمیان توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو بھی فروغ دے گی۔

اسی طرح آئبیریا میں، مصدر نے سایٹا کو 1.4 ارب ڈالر میں خریدا اور اینڈیسا ایس اے کے 2 گیگاواٹ کے فعال شمسی منصوبے میں 49 فیصد حصص حاصل کیے۔

مصدر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، محمد جمیل الرماتی کے مطابق 2024 کمپنی کے لیے ایک فیصلہ کن سال ثابت ہوا، جس میں عالمی سطح پر پھیلاؤ، مالیاتی اعتماد میں اضافہ اور ذمہ دارانہ ترقی کی نئی راہیں کھولی گئیں۔ ان کے مطابق مصدر ایک عالمی سرمایہ کار، ڈویلپر اور آپریٹر کے طور پر بڑے پیمانے پر اثر ڈال رہا ہے اور مستقبل کی صاف توانائی تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کمپنی انتظامیہ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور اس وقت 20 فیصد مینجمنٹ ٹیم خواتین پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مصدر مقامی برادریوں کو مستحکم کرنے، پائیدار شہری ترقی اور توانائی تک مساوی رسائی کے منصوبوں کے ذریعے اپنے سماجی کردار کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔