غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہدا کی تعداد 62,622 تک جا پہنچی

غزہ، 24 اگست، 2025 (وام)--فلسطینی طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ کی پٹی میں شہدا کی مجموعی تعداد 62,622 تک پہنچ چکی ہے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی بڑھ کر 157,673 ہو چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 61 افراد کی شہادت اور 308 کے زخمی ہونے کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان 24 گھنٹوں کے دوران خوراک کی تلاش میں نکلنے والے متاثرین میں سے 16 افراد شہید اور 111 زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں لائے گئے، جن میں بھوک اور قحط سے بدحال شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ادھر، غزہ کے اسپتالوں میں غذائی قلت کے باعث مزید آٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ایک بار پھر معصوم بچے شامل ہیں۔ اس طرح قحط اور غذائی قلت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 281 ہو گئی ہے، جن میں 114 بچے شامل ہیں۔