روس-یوکرین قیدیوں کے تبادلے میں یو اے ای کی کامیاب ثالثی کے باعث 292 جنگی قیدی رہا، اب تک 4,641 کا تبادلہ ممکن

ابوظہبی، 24 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگی قیدیوں کے تازہ تبادلے میں اپنی کامیاب ثالثی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت 146، 146 قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس تازہ پیش رفت کے بعد اب تک متحدہ عرب امارات کی ثالثی کے ذریعے 4,641 قیدیوں کا تبادلہ ممکن ہو چکا ہے۔

وزارت نے دونوں فریقین کی جانب سے امارات کے ثالثی کردار پر اعتماد اور بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام اس اعتماد کا مظہر ہے جو دونوں ممالک یو اے ای کے سفارتی کردار اور خطے میں امن کے لیے اس کی کوششوں پر رکھتے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ 17ویں کامیاب ثالثی کوشش اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ مراعات یافتہ اور مؤثر تعلقات قائم ہیں، جو بامقصد سفارتکاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔

وزارت نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو اے ای یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن سفارتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا، تاکہ نہ صرف جنگ بندی ممکن ہو بلکہ اس بحران کے انسانی اثرات کو بھی کم کیا جا سکے۔