شارجہ میں بجلی و پانی کے کفایت شعاری پروگرام کا آغاز، طلبہ میں آگاہی، ماحول کے تحفظ پر زور

شارجہ، 25 اگست، 2025 (وام)--شارجہ الیکٹرسٹی، واٹر اینڈ گیس اتھارٹی 'سیوا' نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر بجلی اور پانی کے محتاط استعمال کو فروغ دینے کے لیے سالانہ آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم شارجہ کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 3,000 سے زائد طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کے مقصد سے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ وہ روزمرہ زندگی میں وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو اپنائیں۔

میڈیا اور کمیونیکیشن ڈائریکٹر راشد المرزوقی کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام شارجہ میں پائیداری سے متعلق کاوشوں کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کا مقصد قدرتی وسائل کا تحفظ، ماحولیاتی اہداف کا حصول اور کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہے۔

اسی سلسلے میں تعلیم و آگاہی کے شعبے کے سربراہ سیف النقیبی نے بتایا کہ مہم کے دوران مختلف اسکولوں کا دورہ کیا جائے گا، جہاں بچوں کی دلچسپی کے لیے کارٹون کرداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں، ایسے تعلیمی تحائف بھی تقسیم کیے جائیں گے جو بچت کے عملی اقدامات کو فروغ دینے میں معاون ہوں۔

سیوا اتھارٹی نے شارجہ بھر کے تعلیمی اداروں سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ماحول کے تحفظ اور پائیدار مستقبل کی ضمانت صرف اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔