ابوظہبی، 25 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات بھر کے اسکولوں میں آج نئے تعلیمی سال 2025-2026 کا آغاز ہوا، جس کے ساتھ ہی وزارتِ تعلیم نے اپنی مہم "فرام اسکل ٹو لیڈرشپ" کا بھی باضابطہ اجرا کیا ہے۔
اس مہم کا مقصد اساتذہ، والدین اور وسیع تر سماجی حلقوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ طلبہ کو یہ باور کرایا جا سکے کہ مہارتیں ہی ان کے مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، نکھارنے اور عملی کامیابیوں میں بدلنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
مہم تین بڑے ستونوں پر استوار ہے جن میں ایکسپلوریشن (تلاش و جستجو): اسکولوں کو ایسی پرورش گاہ اور محرک ماحول میں بدلنا جہاں طلبہ اپنی صلاحیتوں کو دریافت اور ترقی دے سکیں۔ ڈیولپمنٹ (ترقی): طلبہ کی مہارتوں کو نکھارنے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے جدید تربیتی مواقع فراہم کرنا اور ایکسلینس (کامیابی و برتری): طلبہ کو مقامی اور بین الاقوامی مقابلوں میں سرگرم شرکت کی حوصلہ افزائی اور معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔
یہ مہم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات اپنی نئی نسل کو نہ صرف تعلیم بلکہ عملی ہنر، قیادت اور عالمی مسابقت کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔