کلیولینڈ کلینک ابوظہبی میں کینسر کے مریض کے لیے کامیاب جگر کا ٹرانسپلانٹ

ابوظہبی، 25 اگست، 2025 (وام)--کلیولینڈ کلینک ابوظہبی نے کینسر کے ایک مریض کے لیے جگر کی کامیاب پیوندکاری کر کے خطے میں کینسر اور ٹرانسپلانٹ کیئر کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔

یہ آپریشن اردن سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ مریض پر کیا گیا، جسے 2019 میں آنتوں کا کینسر تشخیص ہوا تھا۔ بعد ازاں یہ مرض جگر تک پھیل گیا اور روایتی علاج کے باوجود قابو میں نہ آیا۔

کلیولینڈ کلینک ابوظہبی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جارج پاسکل ہابر نے کہا کہ یہ کیس اس بات کی مثال ہے کہ اسپتال مریضوں کی دیکھ بھال میں مسلسل نئی راہیں متعین کر رہا ہے۔ ان کے مطابق جدید اور انتہائی تخصصی علاج کو خطے میں متعارف کروا کر نہ صرف نتائج کو بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ ان مریضوں کو بھی نیا حوصلہ دیا جا رہا ہے جو دنیا کی نایاب اور پیچیدہ بیماریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپلانٹ اور آنکولوجی (کینسر علاج) کی مہارتوں کو یکجا کر کے ایک ایسا ماڈل قائم کیا جا رہا ہے جو عالمی معیار کی جدت اور زندگی بدل دینے والے نتائج فراہم کرے گا، اور اس کے اثرات نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ خطے سے باہر تک پہنچیں گے۔

اسی موقع پر ڈاکٹر لوئس کیمپس، جو کلیولینڈ کلینک ابوظہبی کے ڈائجسٹو ڈیزیز انسٹیٹیوٹ میں ایبڈومینل ٹرانسپلانٹ کے ماہر معالج ہیں، نے اسے خطے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ اسپتال پیچیدہ علاج کے معیار کو آگے بڑھانے اور ٹرانسپلانٹیشن کے شعبے میں نئی حدود متعین کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

رپورٹس کے مطابق کلیولینڈ کلینک ابوظہبی، جو کہ متحدہ عرب امارات کا پہلا ملٹی آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر ہے، آج دنیا کے نمایاں ٹرانسپلانٹ مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ اسپتال نے صرف 2024 میں 100 سے زائد جگر کی پیوندکاریاں کیں، جبکہ 2017 میں پروگرام کے آغاز سے اب تک کل 360 پیوندکاریاں انجام دی جا چکی ہیں۔ یہ کارنامہ دنیا کی چند ہی طبی ادارے سرانجام دے سکے ہیں۔