پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے اماراتی سفیر حامد عبید الزعابی کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد، 26 اگست، 2025 (وام)--اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید الزعابی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات سفیر کے پاکستان میں اپنے دورِ تعیناتی کے اختتام پر ہوئی۔

ملاقات کے دوران سفیر الزعابی نے صدر آصف زرداری کو صدر امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، اور نائب صدر و نائب وزیراعظم و صدارتی دیوان کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان کی طرف سے نیک خواہشات اور ترقی و خوشحالی کے پیغامات پہنچائے۔

صدر زرداری نے بھی اماراتی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

صدر پاکستان نے اماراتی سفیر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کے دورِ سفارت کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔ انہوں نے سفیر الزعابی کے مستقبل کے فرائض میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنی جانب سے سفیر الزعابی نے بھی پاکستانی حکومت کے اداروں اور حکام کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ان کا مشن کامیابی سے ہمکنار ہوا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملا۔