ابوظہبی، 27 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے شام کی سرزمین پر اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں اور خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ امارات نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ ناقابلِ قبول ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے شام کے اندر مسلسل دراندازی اور فوجی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ 1974 کے شام۔اسرائیل معاہدے کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہیں، جس پر اسرائیل کو عملدرآمد کا پابند بنایا گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات شام کی خودمختاری اور سلامتی کے مکمل تحفظ کے مؤقف پر قائم ہے اور شامی عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔ وزارت نے زور دیا کہ شام کی عوام کے لیے امن، استحکام، وقار اور پُرامن بقائے باہمی کی کوششوں کی حمایت جاری رہے گی۔
امارات نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ان حملوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قابو پایا جا سکے اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کو ختم کیا جا سکے۔