ابوظہبی، 27 اگست، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نیشنل میڈیا آفس اور میڈیا کونسل کے چیئرمین عبداللہ بن محمد بن بطی الحمید نے کہا کہ آج اماراتی خواتین ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ایک مرکزی شراکت دار بن چکی ہیں اور ہمہ جہت ترقی کی سمت متعین کرنے میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
چیئرمین کے مطابق اماراتی خواتین اپنی محنت، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کے باعث مثالی درجہ رکھتی ہیں اور علم پر مبنی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر امارات کے وقار میں اضافہ کر رہی ہیں۔
اماراتی خواتین کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں چیئرمین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی سرپرستی اور بصیرت افروز وژن کے باعث خواتین کو بااختیار بنانے میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے، اور آج خواتین قومی پالیسی سازی میں حقیقی شریک کار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
ان کے مطابق خواتین کی مسلسل کامیابیاں اس اعتماد کی عکاس ہیں جو انہیں قیادت اور معاشرے کی جانب سے حاصل ہے۔ یہ خواتین اپنے عزم اور امید کے جذبے سے مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لئے ایک روشن کل تشکیل دے رہی ہیں۔
عبداللہ الحمید نے اعلیٰ ترین تشکر اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ام الامارات" اور جنرل ویمنز یونین کی چیئرپرسن، سپریم کونسل فار مادرہوڈ اینڈ چائلڈہُڈ کی صدر اور فیملی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی سپریم چیئرپرسن، محترمہ شیخہ فاطمہ بنت مبارک نے خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بااختیار بنانے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ ان کی مسلسل سرپرستی اور بصیرت افروز وژن نے خواتین کے مقام کو مزید مستحکم کیا اور مختلف قومی میدانوں میں ان کی شمولیت کو وسعت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اماراتی خواتین نے اپنی صلاحیت اور تخلیقی قابلیت کے بل پر سماجی، معاشی اور ثقافتی میدانوں میں قیادت کی صلاحیت کو ثابت کیا ہے اور آج وہ قوم کے حال اور مستقبل میں متحرک شمولیت کی ایک شاندار مثال بن چکی ہیں۔
نیشنل میڈیا آفس کے چیئرمین نے کہا کہ اماراتی خواتین کا دن ایک اہم موقع ہے تاکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کے قائدانہ کردار کو سراہا جا سکے۔ ان کے بقول، اماراتی خواتین آج ایک ایسے پُل کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ماضی کی شاندار وراثت کو مستقبل کی امید افزا راہوں سے جوڑتا ہے، جہاں قومی اقدار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جدت اور قیادت کی راہیں بھی کھلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی خواتین آج نہ صرف کامیابی اور کمال کی علامت ہیں بلکہ ترقی کے تسلسل میں بنیادی شراکت دار بھی ہیں۔ وہ عملی طور پر اس امر کی زندہ مثال ہیں کہ کس طرح انسانی اقدار، جدت، تخلیق اور مستقبل کی قیادت کو یکجا کر کے عزائم کو حقیقت کا روپ دیا جا سکتا ہے۔