صومالی صدر سے اماراتی وزیر مملکت کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت

موغادیشو، 28 اگست، 2025 (وام)--صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود نے صومالی دارالحکومت موغادیشو میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت عزت مآب شیخ شخبوط بن نہیان النہیان کا استقبال کیا، جو اپنے ورکنگ وزٹ کے آغاز پر صومالیہ پہنچے۔

شیخ شخبوط بن نہیان نے صدرِ امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر و وزیراعظم دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم اور نائب صدر و ڈپٹی وزیراعظم عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات اور صومالی عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کے پیغامات پہنچائے۔

صدر حسن شیخ محمود نے بھی اس موقع پر اماراتی قیادت کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا اور یو اے ای کی عوام و حکومت کے لیے مزید ترقی و کامیابی کی دعا کی۔

صدر صومالیہ نے اماراتی وزیر مملکت کے دورے کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بات چیت ہوئی تاکہ دونوں ملکوں اور عوام کے باہمی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔