انگولا کی وزارتِ صحت اور اماراتی کمپنیوں کے اشتراک سے صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ

لوانڈا، 28 اگست، 2025 (وام)--جمہوریہ انگولا کی وزارتِ صحت نے ‘ڈاک ٹور’ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جو ابوظہبی پورٹس گروپ اور برجیل ہولڈنگز کا مشترکہ میری ٹائم–میڈیکل منصوبہ ہے۔ اس معاہدے کا مقصد انگولا میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانا، جدید طبی انفراسٹرکچر کی ترقی اور سپلائی چین کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں فریق صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تعاون کریں گے، جس میں میڈیکل آلات، ادویات اور طبی سازوسامان کی ترسیل کے لیے لاجسٹکس اور سپلائی چین سروسز فراہم کرنا، اسپتالوں کی مشترکہ تعمیر اور انتظام شامل ہے۔ اس کے علاوہ صحت سے متعلق خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی کام کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ کیا جا سکے۔

انگولا کی وزیرِ صحت ڈاکٹر سلویہ لُتوکُوتا نے کہاکہ، "ہمارا وژن یہ ہے کہ انگولا کے عوام کو قابلِ رسائی، معیاری اور پائیدار صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ یہ معاہدہ ہمارے صحت نیٹ ورک کو مضبوط کرے گا اور براہِ راست کمیونٹیز کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔"

انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے ادویات اور آلات کی ترسیل تیز اور مؤثر ہوگی، ضائع ہونے کا امکان کم ہوگا اور اسپتالوں و کلینکس کو بروقت سپلائی یقینی بنائی جا سکے گی۔

برجیل ہولڈنگز کے شریک سی ای او صفیر احمد نے کہا کہ یہ اقدام یو اے ای اور انگولا کے درمیان مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد معیاری صحت خدمات تک رسائی کو بڑھانا اور افریقہ میں پائیدار شراکت داری قائم کرنا ہے۔

ادھر ابوظہبی پورٹس گروپ کے ریجنل سی ای او محمد عیدہ المنہالی نے کہا کہ یہ معاہدہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے، جدید طبی انفراسٹرکچر کے قیام اور سپلائی چین کو مضبوط کرنے کی مشترکہ کاوش ہے۔ ان کے مطابق یہ تعاون نہ صرف انگولا کے صحت کے شعبے کو مستحکم کرے گا بلکہ افریقہ میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔

یاد رہے کہ 'ڈاک ٹور' ابوظہبی پورٹس گروپ اور برجیل ہولڈنگز کا مشترکہ منصوبہ ہے، جو لاجسٹکس، ماڈیولر انفراسٹرکچر، تربیت اور ایمرجنسی ریسپانس کو ایک مربوط پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے۔