ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کی پانچویں سالانہ کانفرنس کا اعلان، پانی کے تحفظ پر عالمی ماہرین کی شرکت

ابوظہبی، 29 اگست، 2025 (وام)--ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری نے اعلان کیا ہے کہ اس کی پانچویں سالانہ کانفرنس "پائیدار آبی سلامتی: جدت اور علم کے ذریعے پانی محفوظ مستقبل کی تشکیل" 2 اور 3 ستمبر کو ابوظہبی کے رِٹز کارلٹن، گرینڈ کینال میں منعقد ہوگی۔

دو روزہ کانفرنس میں 33 سرکاری و بین الاقوامی ماہرین، محققین اور تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے، جبکہ نوجوانوں کی شمولیت اور ایک خصوصی نمائش بھی اس کا حصہ ہوگی۔

تقریب کا مقصد پانی کے تحفظ سے متعلق بڑھتی ہوئی عالمی چیلنجز پر روشنی ڈالنا اور ایسے تخلیقی حل و پالیسیوں کا جائزہ لینا ہے جن سے ماحولیاتی تبدیلی، معاشی اور سماجی دباؤ کے تناظر میں پانی کے وسائل کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

کانفرنس کی صدارت ٹرینڈز ریسرچ اینڈ ایڈوائزری کے سی ای او ڈاکٹر محمد عبداللہ العلی کریں گے۔ انہوں نے تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے بعد کہا کہ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی واٹر کانفرنس 2026ء کی تیاریوں کا حصہ ہے اور ایک ابتدائی علمی پلیٹ فارم کے طور پر عالمی ایجنڈے کو تقویت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد پائیدار آبی سلامتی کے لیے ایک جامع اسٹریٹجک فریم ورک تشکیل دینے میں عالمی کوششوں کو سہارا دینا ہے۔

افتتاحی سیشن میں سر لیام فاکس کی کتاب "دی کمنگ اسٹورم: وائے واٹر ول رائٹ دی 21st سینچری" کے عربی ایڈیشن کا اجراء، ٹرینڈز واٹر سکیورٹی ریسرچ مقابلے کا اعلان اور ٹرینڈز واٹر سکیورٹی یوتھ کونسل کا قیام شامل ہوگا۔

کانفرنس کے پہلے دن تین سیشنز منعقد ہوں گے جن میں پانی کی سلامتی کے مستقبل کی تشکیل، سرحد پار پانی کی جیو پولیٹکس جس میں تنازع اور تعاون کے پہلوؤں پر بات کی جائے گی، اور کثیرالجہتی و علم کے حوالے سے اقوام متحدہ اور تھنک ٹینکس کے کردار (SDG 6 کے فروغ میں) پر مباحثہ شامل ہوگا۔

دوسرے دن کے سیشنز میں پانی کے نظام میں تبدیلی کے لیے مالیات اور سرمایہ کاری کے کردار پر گفتگو کی جائے گی، جبکہ ایک اور نشست میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پانی کی پائیداری اور سلامتی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قومی پانی کے نظام میں لچک پیدا کرنے پر بھی روشنی ڈالی جائے گی جس کے لیے عالمی کیس اسٹڈیز پیش کی جائیں گی۔

مزید براں، نوجوانوں کی سرگرمیاں اور ایک نمائش بھی ہوگی جس میں سرکاری و نجی ادارے اپنے منصوبے اور ٹیکنالوجیز پیش کریں گے۔

کانفرنس کو اسٹریٹجک سرپرستی ابو ظہبی ایمرجنسی، کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر فراہم کر رہا ہے جبکہ ڈائمنڈ اسپانسرز میں ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (سیہا) اور ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی شامل ہیں۔ میڈیا پارٹنرز میں دی نیشنل، وام نیوز ایجنسی، الاتحاد نیوز اور یو اے ای جرنلسٹس ایسوسی ایشن شامل ہیں، جبکہ ویوری میڈیا پلیٹ فارم، انیکو مڈل ایسٹ اور سبحہ ایڈورٹائزنگ اینڈ ایگزیبیشنز ڈیجیٹل کوریج کو وسعت دیں گے۔