ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد کا ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکویسٹرین ایگزیبیشن کا دورہ

ابوظہبی، 30 اگست، 2025 (وام)--دبئی کے ولی عہد اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ہفتے کے روز ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں جاری ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکویسٹرین ایگزیبیشن (ADIHEX) کا دورہ کیا۔ یہ نمائش سات ستمبر تک جاری رہے گی اور اپنے 22ویں ایڈیشن میں اب تک کی سب سے بڑی قرار دی جا رہی ہے۔

یہ سالانہ ایونٹ مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کا سب سے بڑا اور نمایاں اجتماع ہے، جو شکاری و گھڑسواری کے ساتھ ساتھ ثقافتی ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لیے وقف ہے۔

شیخ حمدان بن محمد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ، “ADIHEX محض ایک ثقافتی یا کھیلوں کا ایونٹ نہیں بلکہ یہ ہماری شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے ورثے کو جدید انداز میں نئی نسلوں تک پہنچانے کی کوشش ہے۔ یہ نمائش ہمارے آبا و اجداد کے ورثے کی جھلک ہے، پائیداری کے لیے امارات کے عزم کی عکاس ہے اور اماراتی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ یہ ایونٹ کھیل، ماحول اور ورثے کی اقدار کے گرد دنیا کو یکجا کرنے کا نمونہ ثابت ہو، اور ماضی و حال کو جوڑتے ہوئے امارات کے منفرد مقام کو اجاگر کرے۔”

شیخ حمدان کے ہمراہ ایڈنیک گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او حمید مطر الظاہری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ولی عہد دبئی نے متعدد اہم پویلینز کا دورہ کیا جن میں ایج گروپ کے کاراکل پویلین اور امارات ریڈ کریسنٹ کا الغدیر کرافٹس پویلین شامل تھے۔

انہوں نے مقامی و بین الاقوامی شرکاء کی جانب سے پیش کیے گئے تازہ ترین منصوبوں اور مصنوعات کا جائزہ لیا اور مختلف شرکاء سے ملاقات بھی کی۔ انہیں قومی اقدامات، ثقافتی سرگرمیوں اور ورثے سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

92 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلی اس نمائش میں 68 ممالک کے برانڈز شریک ہیں، جس نے اسے شکاری، گھڑسواری اور ورثے سے دلچسپی رکھنے والوں کا سب سے بڑا عالمی اجتماع بنا دیا ہے۔

یہ ایونٹ ایڈنیک گروپ اور امارات فالکنرز کلب کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں امارات کے شکاری اور گھڑسواری کے ورثے کو نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ صنعت کے رہنماؤں، ماہرین اور شائقین کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے جہاں جدت اور تعاون کے نئے مواقع سامنے لائے جا رہے ہیں۔