غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 88 فلسطینی شہید، 421 زخمی

غزہ، 31 اگست، 2025 (وام)--غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 88 فلسطینی جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 421 دیگر زخمی ہوئے۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق مسلسل جاری بمباری اور حملوں کے باعث جانی نقصان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

فلسطینی وزارتِ صحت نے بتایا کہ اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 63 ہزار 459 ہو گئی ہے، جبکہ 1 لاکھ 60 ہزار 256 افراد زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متاثرین کی اکثریت خواتین اور بچے ہیں۔

طبی ذرائع کے مطابق غزہ پر مکمل محاصرے اور غذائی قلت کے باعث صرف گزشتہ ایک دن میں مزید سات فلسطینی بھوک اور غذائی کمی سے جاں بحق ہوئے۔ یوں بھوک سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 339 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 124 بچے شامل ہیں۔