شارجہ میں پانی کے 1345 لیکس کی مرمت، 4 کروڑ 60 لاکھ درہم کی بچت

شارجہ، یکم ستمبر، 2025 (وام)--شارجہ الیکٹریسٹی، واٹر اینڈ گیس اتھارٹی (سیوا) نے پانی کی ترسیل اور تقسیم کے نیٹ ورک میں 1345 لیکس کی نشاندہی اور مرمت کر کے 4 کروڑ 60 لاکھ درہم کی خطیر رقم بچائی ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں 1331 ملین گیلن پانی محفوظ ہوا۔

واٹر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینئر فیصل السركل کے مطابق اتھارٹی نے پانی کے 5000 کلومیٹر طویل نیٹ ورک کا سروے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا، جبکہ فیلڈ ٹیم نے 950 کلومیٹر کا معائنہ آکو سٹک ڈیوائسز کی مدد سے کیا تاکہ پوشیدہ لیکس کو بھی دریافت کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ٹیم کی بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں مارچ 2024ء سے مئی 2025ء کے درمیان متعدد لیکس کی نشاندہی اور مرمت ممکن ہوئی، جس سے نہ صرف وسائل کا تحفظ ہوا بلکہ اتھارٹی کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔