ڈی پی ورلڈ کی 2.5 ارب ڈالر کی عالمی سرمایہ کاری، پانچ ممالک میں 5,000 نئی نوکریاں پیدا

دبئی، 2 ستمبر، 2025 (وام)--عالمی لاجسٹک کمپنی ڈی پی ورلڈ کی جانب سے سال 2025 میں دنیا بھر میں تجارتی ڈھانچے کی بہتری کے لیے 2.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں پانچ ہزار سے زائد نئی تعمیراتی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ نئی آسامیاں بھارت، برطانیہ، ایکواڈور، سینیگال اور جمہوریہ کانگو میں بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی تعمیر کے لیے پیدا کی جا رہی ہیں، جو کہ بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے ڈی پی ورلڈ کے عزم کا مظہر ہیں۔ اس وقت کمپنی دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو براہِ راست ملازمت فراہم کر رہی ہے۔

ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ کمپنی کی سرمایہ کاری سے صرف رواں سال تقریباً پانچ ہزار افراد کو ملازمتیں ملیں گی، جو کہ پانچ مختلف ممالک کے ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری کے لیے کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ “تجارت لوگوں کی زندگیاں بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور ان نئی ملازمتوں کے ذریعے یہ عمل عملی طور پر ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ منصوبے مکمل ہونے کے بعد، یہ تعمیراتی کارکن عالمی معیار کی لاجسٹک سہولیات کی ایک ایسی میراث چھوڑ جائیں گے، جو اگلے پچاس برس تک خطوں، صارفین اور معیشتوں کو فائدہ پہنچائے گی۔”

بیان کے مطابق بھارت میں، گجرات کے علاقے ٹونا ٹیکرا میں نئے ٹرمینل کی تعمیر کے ذریعے دو ہزار افراد کو روزگار ملے گا، جبکہ ریل اور اندرونِ ملک ٹرمینلز کی تنصیب سے مزید 500 نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔

سینیگال میں، ندایانے کے مقام پر گہرے سمندر کی بندرگاہ کی تعمیر سے 600 ملازمتیں سامنے آئیں گی، جو کہ طویل المدتی اقتصادی ترقی کا حصہ ہے۔ مغربی افریقہ میں جمہوریہ کانگو کے ساحلی شہر بنانا میں ملک کی پہلی گہری سمندری بندرگاہ کی تعمیر کے لیے 500 افراد کی خدمات لی جا رہی ہیں۔

ادھر برطانیہ میں، لندن گیٹ وے کی ایک ارب ڈالر مالیت کی توسیع، جس میں دو نئے برتھ اور ایک اضافی ریل ٹرمینل شامل ہیں، ایک ہزار نئی ملازمتیں پیدا کر رہی ہے۔ یہ بندرگاہ دہائی کے اختتام تک ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

لاطینی امریکی ملک ایکواڈور میں ڈی پی ورلڈ پوزورخا کے منصوبے کی توسیع کے دوران 300 سے زائد تعمیراتی ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں، جب کہ مزید 100 سے زیادہ افراد کو براہِ راست آپریشنز کے لیے ملازمت دی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، جب کہ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں بہتری اور خطوں میں معاشی ترقی کو تقویت ملے گی۔ صرف دبئی میں کمپنی کے فری زون "جبل علی" میں ہی 1.6 لاکھ سے زائد افراد براہِ راست ملازم ہیں۔

ڈی پی ورلڈ کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر میں لاجسٹک کے شعبے میں منفرد سہولیات اور استعداد کی حامل انفراسٹرکچر تعمیر کر رہا ہے تاکہ اپنے صارفین کو تیزی سے بدلتے ہوئے تجارتی منظرنامے میں مقابلے کے قابل رکھا جا سکے۔