افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے اماراتی ٹیم روانہ

افغانستان، 3 ستمبر، 2025 (وام)--صدرِ امارات عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر متحدہ عرب امارات کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بدھ کو افغانستان روانہ ہوگئی، جہاں وہ مشرقی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی مدد اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اماراتی ٹیم افغانستان پہنچتے ہی مقامی حکام کے تعاون سے متاثرہ علاقوں کا فوری جائزہ لے گی تاکہ امدادی کارروائیوں کی موثریت بڑھائی جا سکے۔ ٹیم کا مقصد دبے ہوئے افراد کو زندہ نکالنے، امدادی سامان پہنچانے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔

اسی دوران امارات ہلالِ احمر کے ذریعے فوری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان بھی روانہ کیا گیا ہے، جس میں خیمے، طبی آلات اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

امارات کی یہ کاوش اس کے اس عالمی انسانی کردار کی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت وہ قدرتی آفات اور بحرانوں کے شکار افراد کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔