العین، 4 ستمبر، 2025 (وام)--حکمران کے نمائندہ برائے العین ریجن، عزت مآب شیخ ہزاع بن زاید النہیان نے العین سٹی میونسپلٹی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خطے میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ العین میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی سہولتوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے الرودہ اسکوائر منصوبہ زیر تکمیل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اویسس پروجیکٹس بھی پیش کیے گئے جو علاقے کی زرعی و قدرتی تاریخ کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کے ماحولیاتی تشخص کو اجاگر کرتے ہیں اور اسے ایک نمایاں سیاحتی و ثقافتی مرکز بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
شیخ ہزاع کو پرانے محلوں کی بحالی کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن کا مقصد مقامی ورثے کی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے شہریوں کو جدید اور یکجا سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
دورے میں انہیں العین ڈی این اے پروجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی، جو ایک تخلیقی منصوبہ ہے جس کا مقصد تاریخ اور جدیدیت کے امتزاج کے ذریعے خطے کی شناخت کو اجاگر کرنا اور العین کو ثقافتی و سیاحتی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔
مزید برآں، شیخ ہزاع کو 2026 کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئیں جو صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت کے وژن کے مطابق ہیں اور خطے میں پائیدار ترقی کے فروغ اور معیارِ زندگی میں بہتری کو یقینی بنائیں گے۔
شیخ ہزاع نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ العین ریجن میں ترقیاتی منصوبوں پر مقررہ منصوبہ بندی اور ٹائم فریم کے مطابق کام جاری رہنا چاہیے تاکہ نہ صرف شہری سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جا سکے بلکہ علاقے کے قدیم ورثے کے ساتھ توازن بھی قائم رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے العین کو ترقی کے ایک نمایاں مرکز کے طور پر اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے میونسپلٹی کی نمائش کا بھی معائنہ کیا، جس میں ادارے کی دہائیوں پر محیط خدمات اور کامیابیاں نمایاں کی گئی تھیں۔ شیخ ہزاع نے میونسپلٹی کے مرکزی عمارت کی جزوی ری ڈویلپمنٹ کا جائزہ بھی لیا اور ملازمین سے ملاقات کر کے عوامی خدمت میں ان کی کوششوں کو سراہا، ساتھ ہی انہیں مزید جدت اور تخلیقی کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ شیخ محمد بن حمدان بن زاید النہیان، العین سٹی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل راشد مصبح المنعی، ابوظہبی پروجیکٹس و انفراسٹرکچر سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر میسرہ محمود عید اور میونسپلٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔