متاثرہ افغان عوام کی مدد کیلئے متحدہ عرب امارات کا ریلیف مشن جاری

ابوظہبی، 6 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق، مشرقی علاقوں میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی فوری معاونت کے لیے آج ایک طیارہ 40 ٹن خوراک اور رہائشی سامان لے کر افغانستان روانہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ امارات کے صدر نے ایک ہنگامی امدادی بحری جہاز بھی روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے، جس میں خوراک، خیمے اور طبی امدادی سامان موجود ہے۔ اس اقدام کا مقصد افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور متاثرین کی مشکلات کم کرنا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کی ٹیم گزشتہ بدھ کو افغانستان پہنچنے کے فوراً بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئی تھی اور متاثرین کو فوری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے بروقت انسانی امداد فراہم کرنا اس کے عالمی سطح پر ہمدردی اور امداد رسانی کے مسلسل جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔