ابوظہبی، 7 ستمبر، 2025 (وام)--ابوظہبی میں جاری بین الاقوامی شکار و گھڑسواری نمائش (ADIHEX) کے دوران اوپن ماسٹرز گیمز ابوظہبی 2026 کے لیے خصوصی رسٹ بینڈ کا باضابطہ طور پر اجراء کیاگیا ہے۔
نمائش کے موقع پر امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے گیمز کے پویلین کا دورہ کیا اور سب سے پہلے یہ رسٹ بینڈ پہن کر اس عالمی نوعیت کے ایونٹ کے لیے اپنی مکمل حمایت اور وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ حکام کے مطابق، یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی صحت مند طرزِ زندگی، کھیلوں کے فروغ اور معاشرتی یکجہتی کی ترجیحات کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے سیکریٹری جنرل عارف حماد العوانی نے کہا کہ یہ رسٹ بینڈ صرف ایک علامتی نشانی نہیں بلکہ 2026 میں ہونے والے اوپن ماسٹرز گیمز کی تیاریوں میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امارات کے صدرکی قیادت میں ملک کی دانشمند قیادت کی مکمل سرپرستی کے باعث ابوظہبی دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو یکجا کرنے والا ایک ممتاز اسپورٹس مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں کھیل کو صرف تفریح نہیں بلکہ صحت مند طرزِ زندگی اور بین الاقوامی روابط کا ذریعہ تصور کیا جا رہا ہے۔
عارف العوانی نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ پہلی مرتبہ مشرقِ وسطیٰ میں منعقد ہو رہا ہے، جس کے لیے اسپورٹس کونسل تمام مطلوبہ سہولیات اور وسائل فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کھیلوں کے شوقین افراد کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے تاکہ ابوظہبی کو عالمی اسپورٹس اور ثقافتی تبادلے کے مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق، یہ 10 روزہ ایونٹ 6 سے 15 فروری 2026 تک منعقد ہوگا، جس میں 30 سے زائد کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور دنیا بھر سے ہزاروں کھلاڑی شریک ہوں گے۔ رسٹ بینڈ کھلاڑیوں، منتظمین اور شائقین کی ایک مشترکہ علامت کے طور پر استعمال ہوگا، جو ان کے جذبے، تیاری اور وابستگی کی نمائندگی کرے گا۔
یہ گیمز نہ صرف جدید کھیلوں بلکہ روایتی اماراتی کھیلوں کو بھی شامل کریں گے، جس سے ابوظہبی کی ثقافتی شناخت کو فروغ اور بین الاقوامی اسپورٹس اقدار کو تقویت ملے گی۔