ابوظہبی، 7 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے اپنی امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لاتے ہوئے آج تین طیارے روانہ کیے، جو مجموعی طور پر 105 ٹن خوراک اور دیگر ضروری اشیاء پر مشتمل امداد لے کر مشرقی علاقوں کی جانب روانہ ہوئے۔
یہ امدادی کارروائیاں امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے تحت انجام دی جا رہی ہیں، جن کے تحت ایک ہنگامی بحری جہاز کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ بحری جہاز خوراک، رہائش اور طبی امداد کے سامان کے ساتھ جلد افغانستان روانہ کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری یہ امدادی اقدامات ایک مربوط فضائی و بحری ریلیف پل کا حصہ ہیں، جس کا مقصد افغانستان کو زلزلے کے نقصانات سے نمٹنے میں فوری تعاون فراہم کرنا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ کاوشیں امارات کی اس دیرینہ پالیسی کا تسلسل ہیں جس کے تحت وہ قدرتی آفات اور عالمی بحرانوں میں متاثرین کی فوری مدد کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور دنیا بھر میں ضرورت مندوں تک امداد پہنچانے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔