کیگالی، 8 ستمبر، 2025 (وام)--نیشنل میڈیا آفس (این ایم او) اور یو اے ای میڈیا کونسل کے چیئرمین عبداللہ بن محمد بن بطی الحمید نے جمہوریۂ روانڈا کے دورے کے دوران متعدد وزرا اور اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات کے استحکام، خصوصاً میڈیا شعبے میں شراکت کے فروغ اور پائیدار ترقی کے میدان میں وسیع امکانات پر تبادلۂ خیال ہوا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین این ایم او نے وزارتِ خارجہ کے ماتحت وزیرِ مملکت برائے علاقائی انضمام جیمز کبارےبے سے گفتگو میں مختلف شعبہ جات میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا باہمی تعلقات کی تقویت اور دونوں ملکوں کی علاقائی و بین الاقوامی سطح پر اسٹریٹجک شراکت کے استحکام کے لیے اہم وسیلہ ہے۔
اسی تناظر میں ان کی ملاقات قومی اتحاد اور شہری مشغولیت کے وزیر ژاں-ڈماسین بیزیمانا سے بھی ہوئی جس میں قومی شناخت اور کمیونٹی کی شرکت سے متعلق اشتراکِ عمل پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر میڈیا کے کردار کو متحد، باخبر اور فعال معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کلیدی قرار دیا گیا۔
مزید برآں، عبداللہ الحمید نے روانڈا گورننس بورڈ (آر جی بی) کی سی ای او ڈاکٹر ڈورس اوویکیزا پیکارڈ، روانڈا براڈکاسٹنگ ایجنسی (آر بی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کلیوفاس بارورے اور حکومتی ترجمان یولاندے ماکولو سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں میڈیا اور سرکاری نشریات کی ترقی، ادارہ جاتی و تکنیکی مہارت کے تبادلے اور مشترکہ پروگرامز پر تعاون بڑھانے کے طریقۂ کار زیرِ غور آئے۔
مذاکرات میں آئندہ دسمبر میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی “بریج” سمٹ پر بھی گفتگو ہوئی۔ رہنمائوں نے کہا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی مکالمے کا موثر پلیٹ فارم ہوگا جو میڈیا تعاون کے فروغ اور عالمی تبدیلیوں کے مطابق صنعتی ارتقا میں مددگار ثابت ہوگا۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین این ایم او نے روانڈا کی نمایاں ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل گورننس کمپنی ایرِمبو کے ہیڈکوارٹرز کا معائنہ کیا جہاں سی ای او اسرائیل بیمپے نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں سرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، ڈیجیٹل شناخت، مصنوعی ذہانت، ٹیلی میڈیسن اور انتظامی عمل کو آسان بنانے کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جب کہ شفافیت میں اضافہ، بیوروکریسی میں کمی، کیش لیس معیشت کی ترویج اور شہریوں کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے میں ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
عبداللہ الحمید نے کہاکہ، “صدرِ عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات تمام ممالک، خصوصاً افریقہ کے ساتھ تعلقات کے استحکام اور تعاون کے دائرے کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ عزم بین الاقوامی شراکت کو استحکام و ترقی کی ضمانت سمجھنے کے ہمارے ٹھوس یقین سے پیدا ہوتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہاکہ، “یہ دورہ روانڈا کے ساتھ ہماری نتیجہ خیز شرکت میں نئی پیش رفت ہے جو مشترکہ منصوبوں کے لیے وسیع راہیں کھولے گا، تاکہ معاشرے اپنی خواہشات کی تکمیل اور روشن مستقبل کی تشکیل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔”