جنیوا، 9 ستمبر، 2025 (وام)--اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق فولکر ترک نے پیر کو غزہ میں فلسطینی شہریوں کے قتلِ عام اور جان بچانے والی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ پر اسرائیل کی سخت مذمت کی۔ انسانی حقوق کونسل کے ساٹھویں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں ہونے والے ہولناک جرائم کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
ترک نے اپنے بیان میں کہا کہ، “غزہ میں فلسطینی شہریوں کا بے دریغ قتل اور ناقابلِ بیان اذیت کے ساتھ ہمہ گیر تباہی؛ جان بچانے والی امداد میں رکاوٹیں اور اس کے نتیجے میں شہری آبادی کو درپیش قحط؛ صحافیوں، اقوامِ متحدہ کے عملے اور غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے کارکنان کی ہلاکت؛ اور جنگی جرائم پر جنگی جرائم—یہ سب دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ، “میں کھلے عام نسل کُشی پر مبنی بیانئے اور فلسطینیوں کی شرمناک غیر انسانی تصویر کشی پر خوف زدہ ہوں، جسے اسرائیلی اعلیٰ عہدیداران دہرا رہے ہیں۔” ہائی کمشنر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ، بلا تعطل امداد کی فراہمی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔