یو اے ای میں نئی وزارتی تقرریاں، لانا نسیبہ اور سعید الہاجری وزیرِ مملکت مقرر

دبئی، 9 ستمبر، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات پر متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج حکومتِ امارات میں دو نئی وزارتی تقرریوں کا اعلان کیا۔

اعلان کے مطابق لانا زکی نسیبہ اور سعید مبارک راشد الہاجری کو وزیرِ مملکت مقرر کیا گیا ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ یہ تقرریاں صدر شیخ محمد بن زاید سے مشاورت کے بعد کی گئی ہیں اور دونوں شخصیات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے دونوں وزرا کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی قومی ٹیموں کے شکر گزار ہیں جو ملک کے لیے انتھک خدمات انجام دے رہی ہیں۔

لانا زکی نسیبہ اس سے قبل وزارتِ خارجہ میں معاون وزیر برائے سیاسی امور کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ ستمبر 2013 سے اپریل 2024 تک اقوام متحدہ میں یو اے ای کی مستقل مندوب بھی رہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر بین الحکومتی مذاکرات (2017–2019) کی صدارت کی اور اقوام متحدہ کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی بہتری پر اہم کردار ادا کیا۔

نسیبہ نے 2017 میں یو این ویمن ایگزیکٹو بورڈ کی سربراہی کی اور جنرل اسمبلی کی نائب صدر بھی رہیں۔ وہ جنرل اسمبلی کی فعالیت سے متعلق ایڈہاک ورکنگ گروپ (2016–2017) کی شریک صدر بھی رہی ہیں اور 2015 سے برطانیہ کے ساتھ مل کر فرینڈز آف فیوچر آف دی یو این گروپ کی شریک صدر کی حیثیت سے فعال ہیں۔

سعید مبارک راشد الہاجری جون 2025 سے امارات میڈیسنز فاؤنڈیشن کے چیئرمین ہیں اور اس سے قبل وزارتِ خارجہ میں معاون وزیر برائے اقتصادی و تجارتی امور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ امریکہ کی لیوس اینڈ کلارک کالج سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویٹ ہیں، چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ (CFA) ہیں اور ہارورڈ بزنس اسکول کا ایڈوانسڈ ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام مکمل کر چکے ہیں۔

الہاجری نے ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی (ADIA) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، CFA انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین، ابوظہبی کمرشل بینک کے چیئرمین اور سلامہ اسلامک عرب انشورنس کمپنی کے سربراہ سمیت کئی قومی و بین الاقوامی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ابوظہبی نیشنل انرجی کمپنی (TAQA) اور زاید ہائر آرگنائزیشن فار پیپل آف ڈیٹرمنیشن کے بورڈ ممبر بھی رہے ہیں۔

2007 میں انہیں ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے دنیا کے 250 بااثر نوجوان عالمی رہنماؤں میں شامل کیا گیا تھا۔ وہ مختلف قومی اقتصادی و سرمایہ کاری کمیٹیوں میں خدمات دے چکے ہیں اور اس وقت یو اے ای کے نمائندہ (Sherpa) برائےبرکس گروپ کے طور پر ملک کی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی شمولیت کی قیادت کر رہے ہیں۔