دبئی، 13 ستمبر، 2025 (وام)-- دبئی ایونٹس سکیورٹی کمیٹی نے ایشیا کپ 2025 کے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے موقع پر شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ سپورٹس مین شپ کے مطابق رویہ اپنائیں اور قوانین کی پابندی کریں۔
کمیٹی نے زور دیا کہ شائقین کا طرزِ عمل متحدہ عرب امارات کی مہذب شناخت اور عالمی معیار کے کھیلوں کی میزبانی میں اس کی نمایاں حیثیت کا عکاس ہونا چاہیے۔
اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف دبئی پولیس اور کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی نے بتایا کہ ایشیا کپ کے تمام میچوں کے لیے جامع انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی پولیس یونٹ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور سٹیڈیم کے امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کھیلوں کے مقامات اور ایونٹس کی سکیورٹی سے متعلق وفاقی قانون کے تحت سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ بغیر اجازت میدان میں داخل ہونے والے یا پٹاخے اور ممنوعہ اشیاء لانے والے افراد کو ایک سے تین ماہ قید اور پانچ ہزار سے تیس ہزار درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
اسی طرح تشدد، شائقین یا میدان کی طرف اشیاء پھینکنے، اور نسلی یا نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کو بھی دس ہزار سے تیس ہزار درہم جرمانہ اور قید کی سزا دی جائے گی۔
کمیٹی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ میچ شروع ہونے سے کم از کم تین گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچیں اور ایک ٹکٹ پر صرف ایک بار داخل ہوں۔ مزید کہا گیا کہ ممنوعہ اشیاء کی فہرست کا احترام کیا جائے اور صرف درست ٹکٹ استعمال کیے جائیں۔ شائقین کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر گاڑیاں کھڑی کرنے یا کھڑا رہنے سے گریز کریں۔
میجر جنرل المزروعی نے خبردار کیا کہ آتش گیر مادے، آتشبازی کا سامان، لیزر لائٹس، چھتریاں، بڑے کیمرے، سیلفی اسٹک، نوکیلی اشیاء، زہریلے مادے، جھنڈے، بینرز، پالتو جانور، ریموٹ کنٹرول آلات، سائیکلیں، اسکیٹ بورڈز، اسکوٹرز اور شیشے کی اشیاء لانے پر پابندی ہوگی کیونکہ یہ شائقین، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔