قطر کے وزیراعظم کا اسرائیلی حملے کو ریاستی دہشتگردی قرار

دوحہ، 14 ستمبر، 2025 (وام)--قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے دوحہ پر اسرائیلی حملے کو ’’ریاستی دہشتگردی‘‘ اور ’’سنگین اشتعال انگیزی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

عرب۔اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حملہ دراصل ثالثی کے اصول پر ہی وار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر، مصر اور امریکہ کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ حملہ، جس میں شہری جاں بحق ہوئے، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے اور اس نے انتہاپسند اسرائیلی حکومت کی پرامن حل سے انکار کی حقیقت بے نقاب کر دی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قطر اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر اور بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے دفاع کرے گا۔

ادھر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طاہا نے خبردار کیا کہ یہ حملہ جنگ کو وسیع کرنے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔