حمدان ہیومنیٹرین شپ العریش پہنچ گئی، فلسطینی عوام کیلئے امداد روانہ

العریش، 15 ستمبر 2025 (وام)--آپریشن ‘الفارس الشهم 3’ کے تحت حمدان ہیومنیٹرین شپ مصر کی العریش بندرگاہ پہنچ گئی، جو فلسطینی عوام کے لیے امارات کے جاری انسانی ہمدردی کے عزم کی تازہ مثال ہے۔

یہ جہاز الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے اور امارات ہلال احمر کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی ہدایات پر تیار کیا گیا اور 30 اگست کو خلیفہ پورٹ سے روانہ ہوا۔ جہاز میں 7 ہزار ٹن خوراک، طبی اور امدادی سامان لدا ہوا ہے جو غزہ کی عوام کے لیے فوری ریلیف فراہم کرے گا۔

امدادی سامان میں 5 ہزار ٹن غذائی پیکجز، 1,900 ٹن کمیونٹی کچن کے لیے سامان، 100 ٹن طبی خیمے اور پانچ مکمل طور پر لیس ایمبولینسیں شامل ہیں۔

اس جہاز کی آمد کے بعد غزہ کے لیے روانہ کی جانے والی اماراتی امدادی کشتیوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے، جو آپریشن ‘الفارس الشهم 3’ کے تحت انسانی ہمدردی کے تسلسل کو اجاگر کرتی ہے۔

آپریشن کے آغاز سے اب تک امارات تقریباً 90 ہزار ٹن امدادی سامان فراہم کر چکا ہے، جس پر 1.8 ارب امریکی ڈالر لاگت آئی۔ یہ کارروائی امارات کے اس مستقل انسانی عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت وہ ضرورت مندوں اور بحران سے متاثرہ افراد کو اپنی فلاحی و خیراتی اداروں کے تعاون سے مدد فراہم کرتا ہے۔